دورہ یواے ای پر آرمی چیف جنرل قمر کیلئے آرڈر آف یونین اعزاز

متحدہ عرب امارات کے دورے پر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرڈر آف یونین کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا جس میں انہیں امارات کے دوسرے اعلیٰ ترین اعزاز آرڈر آف یونین سے نوازا گیا۔
آرمی چیف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس دوران مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پربھی گفتگو کی گئی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کو 26جون 2022 کو سعودی ولی عہد نے میڈل آف ایکسلینس سے نوازا اور 9 جنوری 2021 کو انہیں بحرین کے ولی عہد نے بحرینی آرڈر فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نوازا۔
اس کے علاوہ 5 اکتوبر 2019 کو اُردن نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو آرڈر آف ملٹری میرٹ ایوارڈ سے نوازا اور 20 جون 2017 کو انہیں ترکی کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ آرمی چیف کو 27 دسمبر 2018 میں روس کی جانب سے تہنیتی خط دیا گیا تھا۔
