دوسرا ون ڈے، پاکستان نےویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 3ون ڈے میچوں کی سیزیز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی۔
صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کےکرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نے حریف ٹیم کو جیت کے لیے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز کا ہدف دیا ہے،کپتان بابراعظم 93 بالوں پر 77 رنز جبکہ امام الحق نے 72 بولوں پر 72 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور آوٹ ہوئے، شاداب خان 22، فخر زمان 17 اور محمد رضوان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث اور محمد نواز کا بلہ نہیں چلا اور بالترتیب 3-6 رنز بنا کر چلتے بنے۔ خوش دل شاہ کو فیلپ نے 22 رنز پر شکار کیا۔ مقررہ 50 اوورز مکمل ہونے کے قریب محمد وسیم 17 اور شاہین شاہ آفریدی 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں۔شامار بروکس اورکائیل میئرز نے کچھ مزاحمت کی پر وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلوا سکے۔شامار بروکس 42 اورکائیل میئرز 33 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ کپتان نکولس پورن 25 اور رومین پاؤل 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے بولرز نے پوری ویسٹ انڈین ٹیم کو 33 ویں اوور میں 155 رنز پر ڈھیر کرکے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 19 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دریں اثنا کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ دوسرے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی سکواڈمیں بابراعظم(کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور حارث رؤف شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے سکواڈ میں نکولس پوران(کپتان)، شائی ہوپ، کیل میئر، شامر بروکس، برینڈن کنگ، رومین پول، روماریو شیپرڈ، اکیل حسین، الزاری جوسپ، ہیڈن والسی اور اینڈرسن پلپ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شسکت دی تھی۔
