رانا ثناء اللہ اور مریم نواز کی ملاقات کی کہانی

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز جاتی امراء میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اور صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منشیات اسمگلنگ کیس میں ضمانت پر رہائی پانے کے بعد رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ اور مریم نواز سے ملاقات کی، اس موقع پر رانا ثناء اللہ کی پارٹی قائد میاں محمد نوازشریف سے ٹیلی فون پر بھی بات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے مریم نواز سے نوازشریف کی صحت کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر مریم نواز کا رانا ثناء اللہ کو کہنا تھا کہ جس طرح آپ نے اپنی قید کو برداشت کیا ہے یہ بہت بہادری کی بات ہے۔
مریم نواز نے راناثناءاللہ کو رہائی اور دوران گرفتاری ثابت قدم رہنے پر مبارکباد بھی دی۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے جتنی جرات سے اپنے اوپر لگنے والے الزام اور مشکلات کا سامنا کیا ہے، آپ کو اور آپ کی فیملی کو سلام ہے۔ راناثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام جانتی ہے سلیکٹڈ حکومت نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مجھے جھوٹے کیس میں پھنسایا۔ میری نوازشریف اور پارٹی سے وابستگی پہلے سے مزید مضبوط ہوگئی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کیس سرخرو کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مجھ پر کیس وزیراعظم عمران خان کی ایما پر بنایا گیا۔ اس سے اداروں کی جانبداری بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کے درمیان ملاقات تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ یاد رہے کہ رانا ثناء اللہ کو منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم گزشتہ ہفتے لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے ضمانت کی منظوری کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی تھی.۔
