سائرہ اور شہروز نے علیحدگی کیوں اختیار کی؟

اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ سائرہ یوسف میں ان بَن کی جس کہانی کے آج کل سوشل میڈیا پر چرچے ہیں، شوبز کی دنیا میں وہ کوئی انہونی بات نہیں۔ ہالی ووڈ ہو، بالی ووڈ یا اب لالی ووڈ، روشنیوں کی چکاچوند میں بہت سوں کے قدم بہکتے ہیں۔۔۔ البتہ سائرہ شہروز کی علیحدگی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ یہ بہت پرانا قصہ نہیں جب لیجنڈ ٹی وی سٹار بہروز سبزواری کے اکلوتے بیٹے شہروز کا دل سائرہ پر آ گیا، ٹین ایج کی یہ محبت رنگ لائی اور دونوں خاندانوں کے لائف سٹائل میں واضح فرق کے باوجود 2012 میں دونوں کی دھوم دھام سے شادی ہو گئی۔
اس وقت شہروز کی عمر صرف 20 برس تھی۔ سائرہ یوسف خان کا تعلق پشاور کی روشن خیال پٹھان فیملی سے ہے۔ یہ چار بہنیں تھیں، بڑی بہن رقیہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی وفات کینسر کے باعث ہوئی تھی جبکہ بعض لوگ مختلف کہانی بیان کرتے ہیں۔ رقیہ کے بعد علیشہ پھر سائرہ اور سب سے چھوٹی پلوشے۔۔۔ سائرہ بھی علیشہ کی دیکھا دیکھی شوبز میں آئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے چھا گئیں۔ "میرا نصیب” ان کا بلاک بسٹر ڈرامہ تھا۔ آزاد خیال ماحول کی پروردہ ان بہنوں نے کراچی کے سوشل سرکلز میں بہت جلد اپنی جگہ بنا لی۔ دوسری طرف شہروز کا تعلق ایک دینی گھرانے سے ہے۔ ایکٹنگ اور ڈراموں کا شوق ان کے والد بہروز کو شوبز انڈسٹری میں لے تو آیا لیکن وہ اپنی اقدار نہیں بھولے۔۔۔ جب شہروز نے سائرہ کو پسند کیا تو کہا جاتا ہے کہ بہروز بظاہر بہت خوش تھے تاہم کہیں نہ کہیں ان کی یہ خواہش ضرور تھی کہ سائرہ ان کے گھرانے کے طور طریقے اپنا لے۔ یکن اکلوتا ہونے کی وجہ سے وہ شہروز پر زیادہ دباؤ بھی نہیں ڈالتے تھے۔ سائرہ اور شہروز کے بیچ "لو کیمسٹری” اتنی سٹرانگ تھی کہ شادی کے ابتدائی سال دونوں نے بہت خوبصورتی سے جیئے۔ 2014 میں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی تو دونوں بے انتہا خوش تھے۔۔۔ البتہ بچی کے بعد جیسے ہی سائرہ ماڈلنگ اور ایکٹنگ کی دنیا میں واپس آئیں تو شوہر کے ساتھ ان کے اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں۔۔۔ اور کہا جانے لگا کہ ان اختلافات کے پیچھے بہروز سبزواری یعنی ان کے سسر کا بھی ہاتھ ہے جو سائرہ کو ان کے بولڈ لباس اور لائف سٹائل کی وجہ سے ٹوکنے لگے تھے۔ سائرہ کو یہ روک ٹوک پسند نہیں تھی، جس کی وجہ سے وہ شوہر سے الجھنے لگیں۔ دونوں کے کولیگز بھی یہ کھنچاؤ محسوس کر رہے تھے۔
جب شہروز نے بھی سائرہ کو اپنی خاندانی اقدار پیش نظر رکھ کر لائف سٹائل کو بدلنے کا کہا تو پھر اختلافات شدت اختیار کر گے اور پھر چھہ ماہ پہلے وہ وقت آیا جب دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا اور محبتوں سے بنے اس چھوٹے سے گھر کا شیرازہ بکھر گیا۔
شہروز کے والدین بہروز اور سفینہ کی، جو لالی ووڈ سٹار جاوید شیخ کی بہن ہیں، حتی الامکان یہ کوشش ہے کہ ان کے بیٹے کا گھر ٹوٹنے سے بچ جائے لیکن فی الحال سائرہ کسی بھی طرح کے کمپرومائز کے لئے تیار نہیں۔۔۔ اسی دوران یہ خبریں بھی آئیں کہ سائرہ نے ماڈل اور ایکٹرس صدف کنول اور شہروز کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی وجہ سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے لیکن شہروز کا کہنا ہے کہ ان کی علیحدگی چھ ماہ پہلے ہوئی جبکہ صدف سے ان کی ملاقات صرف ایک ماہ پہلے ہوئی ہے لہذا اس پر الزام لگانا مناسب نہیں ہے۔
صدف کا نام سامنے آتے ہی بہروز اور شہروز اس کے دفاع میں میدان میں اُترے اور دونوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ویڈیو پیغامات جاری کئے کہ صدف کو ان کے گھریلو تنازعے میں ملوث نہ کیا جائے۔ بظاہر تو یہ ایسی وجہ بھی نہیں کہ سائرہ اپنے ہنستے بستے گھر کو داؤ پر لگا دیں۔ دونوں کا تعلق شوبز کی اس دنیا سے ہے، جہاں اکثر فنکار، دوستی ہی دوستی میں بہت دور تک چلے جاتے ہیں لیکن ان کی شادیاں قائم رہتی ہیں۔
بہرحال جتنے منہ اتنی باتیں۔ سبزواری فیملی کے قریبی ذرائع کے بقول، کہانی کچھ اور ہے۔۔۔ اور وہ یہ کہ سائرہ کو اپنی زندگی میں سسر کی بےجا مداخلت پسند نہیں؟ سچ کیا ہے، پردہ بس اٹھنے ہی والا ہے!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button