جیل اصلاحات کاآغازاڈیالہ سے کریں،سہیل آفریدی کامریم نواز کومشورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نےوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مشورہ دیا کہ جیل اصلاحات کرنی ہیں تو اس کا آغاز اڈیالہ جیل سے کیا جائے، عمران خان ناحق قید ہیں انہیں اہل خانہ سے ملنے دیا جائے۔
اسلام آباد میں جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل میں سہولیات مانگ لیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر ملاقاتیوں کے انتظار گاہ بنائی جائے، عمران خان کی صحت جیل میں خراب ہوئی، عمران خان ناحق قید ہیں ان کے بھی حقوق ہیں ان کا علاج ذاتی معالجین سے کرایا جائے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق خیبر پختونخوا میں قیدیوں کو تمام سہولیات دی جا رہی ہیں، جمہوریت میں جلسے کی اجازت ہوتی ہے، یہاں جلسہ ہوتا ہے تو ایف آئی آر درج ہو جاتی ہے، کم سن بچوں پر دہشت گردی کی ایف آئی آر درج ہوئی ہیں، عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں جیل اصلاحات کا آغاز اڈیالہ جیل سے ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ان کے بیٹوں کے ساتھ ویڈیو لنک پر بات کرائی جائے، بانی عمران خان کی بہنوں کی ملاقات اگر نہیں ہوسکتی تو ان پر واٹر کینن کا استعمال نہ کیا جائے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ذاتی معالجین اور فیملی تک رسائی دی جائے۔
کانفرنس سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی خطاب کیا۔
