راولپنڈی:خطرناک ملزموں کی جعلی دستاویزات پر ضمانتوں کا انکشاف
روالپنڈی میں خطرناک جرائم پیشہ افراد کی جعلی دستاویزات پر ضمانتیں کرانے کا انکشاف ہوا ہے ، ججز کے جعلی دستخط ، جعلی رجسٹریوں اور جعلی اراضی کے فرد پر جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں خطرناک ملزموں کی ضمانتیں کروا کر فرار کرایا گیا۔
سول جج راولپنڈی محمد ارشد نے جعلسازی سے ضمانتیں کرانے والے ذاکر لطیف ولد محمد لطیف کو نوٹس جاری کر کے 26 اکتوبر کو عدالت طلب کر لیا ہے جبکہ عدالتی معاونت پر غلام فاروق عباسی نے عدالتوں میں پیش کی گئی تمام جعلی رجسٹریوں اور زمینوں کے جعلی فرد بھی عدالت پیش کر دیئے ہیں جن کی محکمہ مال اور اسسٹنٹ کمشنرز نے جعلی ہونے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔
عدالت کی جانب سے جعلی دستاویزات، رجسٹریوں اور جعلی زمینوں کے فرد پر ضمانتوں کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا ، آئندہ سماعتوں پر اس حوالے سے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔
