’’راولپنڈی ایکسپریس‘‘ میں شعیب اختر کا رول کون کرنے والا ہے؟

دنیائے کرکٹ میں پنڈی ایکسپریس کے نام سے پہچان بنانے والے پاکستانی سپیڈ سٹار شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم میں فاسٹ بائولر کا کردار ماڈل و اداکار عمیر جسوال ادا کریں گے، اداکار نے انسٹا گرام پر اپنی پہلی جھلک شیئر کر دی ہے۔
عمیر جسوال نے انسٹا گرام پر اپنے کردار کے متعلق مداحوں کو بتایا کہ وہ ’’راولپنڈی ایکسپریس‘‘ میں شعیب اختر کا روپ دھارنے کو تیار ہیں، فلم میں شعیب اختر کا مرکزی کردار ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایسی عالمی فلم میں کام کر رہے ہیں جو اپنی نوعیت کی منفرد فلم ہوگی۔
جسوال نے جو تصویر شیئر کی، اس میں انہیں شعیب اختر کی شرٹ پر لکھے نمبر ’14‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی شرٹ پر ’’شعیب‘‘ بھی لکھا ہوا نظر آتا ہے۔انہوں نے فلم کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں جبکہ فلم کے ہدایت کار ایم فراز قیصر نے بھی عمیر جسوال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے فلم میں انہیں کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی۔
’راولپنڈی ایکسپریس‘ فلم کے بنائے گئے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے بھی عمیر جسوال کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کر دی گئی یے۔ لیکن دیگر کاسٹ اور ٹیم کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، ابھی یہ واضح نہیں کہ شعیب اختر کی دیگر کاسٹ میں اور کونسے اداکار شامل ہوں گے، تاہم فلم کی ٹیم کے مطابق ابھی چند کرداروں کے لیے آڈیشن کا سلسلہ جاری ہے۔
فلم کی ٹیم نے تاحال ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی کہانی سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی مگر خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں شعیب اختر کے یادگار کرکٹ میچز بھی دکھائے جائیں گے، امکان ہے کہ فلم میں شعیب اختر سے جڑے تمام تنازعات اور اسکینڈلز کو دکھایا جائے گا، جس کی وجہ سے فلم میں کئی نامور کرداروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ‘راولپنڈی ایکسپریس’ کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اس میں شعیب اختر سمیت کچھ نامور کھلاڑیوں کو حقیقی طور پر بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
عمیر جسوال کی جانب سے خود کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق سے قبل شعیب اختر نے جولائی 2022 میں بتایا تھا کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جا رہی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ‘راولپنڈی ایکسپریس’ میں وہ انکشافات شامل ہوں گے جوکہ آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔ کرکٹر نے بتایا تھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیو گرافی فلم میں سب راز سامنے آ جائیں گے۔
خیال رہے کہ شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب اختر نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جبکہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔ انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے کہ ان کی باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر ہوتی تھی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، سکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جبکہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔
