رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کی جگہ سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجا کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔  چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سابق ٹیسٹ کپتان رمیز راجا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ کی زبوں حالی اور مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ احسان مانی نے وزیر اعظم کو کرکٹ کے معاملات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کو فارغ کر دیا اور اگلے 3 سال کے لئے توسیع نہ دینے اور رمیز راجا کو چیئرمین پی سی بی کی ذمہ داریاں سونپنے  کے فیصلے سے آگاہ کیا۔رمیز راجا نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریاں تفویض کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ذرائع نے  بتایا کہ وزیراعظم رمیز راجا کا نام بطور ممبر پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو بھجوائیں گے، اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز رمیز راجا کو نیا چیئرمین پی سی بی منتخب کرے گا۔

یاد رہے کہ 59 سالہ رمیز راجہ پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں۔ رمیز راجہ کو ان کے بالوں کے سٹائل کی وجہ سے ریمبو بھی کہا جاتا ہے۔ سابق کپتان انٹرنیشنل و ڈومسٹک کرکٹ میں کمنٹری کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور انہیں کرکٹ کا راجہ بھی کہا جاتا ہے۔ رمیز راجہ 1992ء ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم بھی حصہ تھے، اور انہوں نے ہی ورلڈ کپ فائنل میں تاریخی کیچ پکڑا تھا۔

اس کے علاوہ سابق کپتان کو فلم سازی کا بھی شوق ہے، انہوں نے بھارتی فلم تور باز میں بطور کریٹیو ڈائریکٹر خدمات سرانجام دی تھیں۔واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت ملازت 28 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ انہیں 2018ء میں چیئرمین پی سی بی تعینات کیا گیا تھا۔

Back to top button