رنبیر اور عالیہ کی فلم دونوں کیلئے دوہری خوشیاں کیسے لائی؟

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کیلئے ان کی نئی فلم ’’براہمسترا‘‘ دوہری خوشیاں لے کر آئی ہے، یہ فلم مکمل کرنے کے بعد دونوں کی زندگی میں ایک ننھے مہمان نے بھی دستک دے دی ہے۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’برہمسترا‘ نے شائقین میں پسندیدگی کے نئے ریکارڈ تو قائم کیے ہی ہیں لیکن یہ دونوں کے کیریئر کیلئے خوش گوار بھی ثابت ہوئی ہے، در اصل برہمسترا کو سائن کرنا عالیہ کے لیے ایک غیر معمولی لمحہ تھا۔ برہمسترا کے لیے کاسٹ ہونا عالیہ بھٹ کے لیے کسی خواب سے کم نہ تھا، اس وقت انہیں فلم انڈسٹری میں قدم رکھے زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا اگرچہ ’’ہائی وے‘‘ تازہ تازہ ریلیز ہوئی تھی لیکن ابھی تک ان کے مستقبل پر ’’سٹوڈنٹ آف دی ائیر‘‘ (2012) کی بھیانک اداکاری کے سائے چھائے ہوئے تھے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں وہ بتاتی ہیں کہ میرے لیے ناقابل یقین تھا، یہ میرے لیے بہت غیر معمولی لمحہ تھا، میں اتنی بڑی فلم کا حصہ بننے پر بہت شکرگزار تھی اور آج بھی ہوں۔ برہمسترا ابتدائی طور پر 2016 میں ریلیز ہونا تھی اور اگر ایسا ہوتا تو تب ہمارے پاس عالیہ بھٹ کا ’اڑتا پنجاب‘ کی غریب بہاری لڑکی، میگھنا گلزار کی فلم ’راضی‘ میں کشمیری جاسوس لڑکی یا ’گنگوبائی کا ٹھیاواڑی‘ میں بطور طوائف کوئی روپ بھی سامنے نہ ہوتا یقیناً تب برہمسترا میں ان کا کردار کہیں زیادہ بڑا محسوس ہوتا اور وہ تنقید دیکھنے کو نہ ملتی جو اب ہو رہی ہے۔ عالیہ کے بہت سے پرستاروں کا کہنا ہے کہ فلم میں ان کا کردار ایسا بڑا نہیں جیسی توقع کی جا رہی تھی، اس اعتراض کے جواب میں عالیہ کے پاس دو جواب ہیں، پہلا یہ کہ جب فلم مجھے ملی تب میں نئی اداکارہ تھی اور میرے پاس کام تھا ہی نہیں، دوسرا یہ کہ یہ تین فلموں پر مشتمل ایک سیریز ہے جس کے کچھ کردار آگے جا کر دوسرے اور تیسرے حصے میں بھرپور طریقے سے نمایاں ہوں گے۔ ان کے پرستار خوش ہوں یا نہ ہوں عالیہ بہت خوش ہیں، خیر دیکھتے ہیں دوسرے اور تیسرے حصے میں ان کا کردار کتنی گنجائش حاصل کر پاتا ہے۔
راک سٹار،‘ ’برفی‘ اور ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ جیسی کامیاب فلموں کے ذریعے رنبیر کپور نے گذشتہ دہائی کا آغاز انتہائی شاندار طریقے سے کیا مگر درمیان میں جا کر ان کی ناؤ ناکامیوں کے گرداب میں پھنسنے لگی اور انکی کئی فلمیں باکس آفس پر لڑکھڑا گئیں۔ یہ وہ وقت تھا جب رنبیر نے انوراگ باسو کے ساتھ مل کر اپنی پروڈکشن کمپنی کھول لی، لیکن اس کی پہلی اینٹ ہی ٹیڑھی ثابت ہوئی اور ’’جگا جاسوس‘‘ فلاپ ہو گئی۔ تب رنبیر کے کیریئر پر بہت لے دے ہوئی۔ لیکن اس کے اگلے ہی برس 2018 میں رنبیر کی نئی فلم ’سنجو‘ نے تمام خدشات کو غلط ثابت کر دیا اور سنجو ان کے کیریئر کی سب سے بڑی باکس آفس ہٹ ثابت ہوئی۔
اس برس لال سنگھ چڈھا،‘ ’شمشیرا‘ اور ’رکھشا بندھن‘ سمیت ناکام ہندی فلموں کی ایک طویل فہرست ہے، لیکن ’برہمسترا‘ کی ایڈوانس بکنگ سے ہی امید کا دیا روشن ہو چکا تھا۔ ابھی تک فلم لگ بھگ 250 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے اگرچہ تھیٹرز میں نئی فلمیں لگ رہی ہیں مگر ایان مکھرجی کی ’برہمسترا‘ فی الحال باکس آفس کی دوڑ میں سب سے آگے ہے اور ممکنہ طور پر یہ رنبیر اور عالیہ کی سب سے بڑی کمرشل ہٹ فلم ہو گی۔عالیہ اور رنبیر کے کیریئر کے لیے اس فلم کی خوش قسمتی تو آپ نے دیکھ لی اب ان کی ’پریم کہانی‘ کی طرف بڑھتے ہیں۔
