جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ کے کورٹ کیس بارے فلم تیار

معروف ہالی ووڈ سٹار امبر ہرڈ اوران کے سابق شوہر جونی ڈیپ کی ازدواجی زندگی اورعلیحدگی سے پہلے اور بعد میں لڑی گئی قانونی جنگ کو ایک فلم کا روپ دے دیا گیا ہے اوراسکا پہلا ٹریلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم کو 30 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ہاٹ ٹیک: جونی اینڈ ہرڈ ٹرائل‘ کے نام سے بنائی گئی فلم کے جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں دونوں اداکاروں کے مرکزی کردار دکھائے گئے ہیں، فلم کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کی کہانی اگرچہ دونوں اداکاروں کے ٹرائل کے گرد گھومتی ہے، تاہم اس میں انکی زندگی کے دیگر واقعات کو بھی دکھایا جائے گا۔ اس ٹریلر میں دونوں اداکاروں کی پرتعیش زندگی کو بھی دکھایا گیا ہے، فلم کو یوٹیوب پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا، جہاں شائقین اسے مفت میں دیکھ سکیں گے۔
’’ہاٹ ٹیک‘‘ نامی فلم میں جونی ڈیپ کا کردار مارک ہپکا جب کہ امبر ہرڈ کا کردار میگن ڈیوس ادا کرتی دکھائی دیں گی، فلم کی کہانی گے نکولوشی نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات سرا لوہمن نے دی ہیں۔’’ہاٹ ٹیک‘‘ کی کہانی امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان چلنے والے ٹرائل کے کرد گھومتی ہے، اس میں عدالتوں کی سماعتیں دکھانے کے علاوہ ٹرائل کے دوران اداکاروں کے ساتھ ہونے والے واقعات کو بھی دکھایا جائے گا۔ ممکنہ طور پر فلم میں پس منظر کے طور پر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے، شادی ہونے اور پھر تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد طلاق اور پھر ایک دوسرے پر تضحیک اور تشدد کے الزامات کو بھی دکھایا جائے گا۔
فلم میں امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے وکلا کے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر فلم میں امبر ہرڈ کے مبینہ بوائے فرینڈز کو بھی شامل کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔’’ہاٹ ٹیک‘‘ کو دونوں کے ٹرائل کے ختم ہونے کے محض تین ماہ بعد ہی ریلیز کیا جا رہا ہے، امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے ٹرائل کا فیصلہ یکم جون کو سنایا گیا تھا۔
