بارشوں سے ملک بھر میں تباہی، 14 افراد جاں بحق

ملک بھر میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، بارشوں اور سیلابی صورت حال کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
سوات میں سیف اللہ جھیل میں کشتی ڈوبنے سے 6 سیاح جان کی جاں بحق ہوگئے۔ تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ ایک لاپتا خاتون کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایاگیا ہے۔
اٹک میں دیوار اور چھت گرنے کے واقعات میں 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
لنڈی کوتل میں آسمانی بجلی گرنے سے2 بچے جاں بحق اور4زخمی ہو گئے، دیربالا میں آسمانی بجلی گرنے سے مدرسے کی 20 طالبات زخمی ہوگئیں۔
ژوب میں بارش کے دوران چھتیں گرنےسے خاتون اور ایک بچہ جاں بحق ہوگئے، گنجیال قائد آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے شہری دم توڑگیا۔
ایبٹ آباد میں برساتی نالےمیں گاڑی بہنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے،مردان میں طوفانی بارش سے سائن بورڈ اور دیوار گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی،ٹھنڈی ہواؤں کا راج رہا،کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
قصور، حافظ آباد، اٹک،پنڈی بھٹیاں، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، بھیرہ، مریدکے میں بھی بادل خوب برسے،گجرات میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
ہری پور میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی،بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا،ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کےبعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارشی پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔
گلگت بلتستان ریجن میں دیامر کے نواحی گاؤں گیس بالا،پائین اور نیاٹ ویلی میں مون سون کی بارشیں شروع ہون سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی،رابط سڑک متاثر ہوئی اور سیلابی ریلہ گھروں میں داخل ہو گیا۔
حکام کےمطابق سیلاب سے لوگوں کے فصلیں، باغات اور زرعی اراضی زمینیں شدید متاثر ہوئی ہیں،نیاٹ ویلی میں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہونےسے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کےلیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
این ڈی ایم اے کا ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے، پہاڑی ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ متوقع ہے۔
