چوروں کا ساتھ دینے والے چوکیدار کو معاف نہیں کروں گا

تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے چوروں کا ساتھ دینے والے چوکیدار کو معاف نہیں کروں گا،امپورٹڈ حکومت نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی ہے، امپورٹڈ حکومت سن لو، بجائے دھمکیاں دینے کے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو۔

ٹیکسلا میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاساری قوم کو گواہ بنا کر پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک چل پڑی ہے، تم جتنے مرضی لوگوں کو جیلوں میں ڈال لو، تمہارے پاس اتنی جیلیں نہیں ہیں، قوم تیار ہے، میں بھی تیار ہوں، غلام سرور خان آپ میرے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے، آپ کے حلقے میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس طرح کے سیاست دان چاہئیں۔

انہوں نےکہا امپورٹڈ حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں انہوں نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی ہے، امپورٹڈ حکومت سن لو، بجائے دھمکیاں دینے کے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو، ہمیں جیلوں سے خوف ہے نہ ہی نامعلوم ٹیلی فون دھمکیوں سے، ہر دوسرے روز ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے، سب سن لو پاکستانی قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے،قوم کا کپتان بھی تیار ہے، ہمارے لیے جیل تو چھوٹی سی چیز ہے، قوم کا کپتان اپنی حقیقی آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہے۔

انکا کہناتھاہم نے 28 مارچ کو ساری قوم کو ایک مراسلہ دکھایا جس میں سازش واضح تھی کہ امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ نے پاکستانی سفارت کار کو حکم دیا کہ تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کو ہٹایا جائے تو تمہیں معاف کر دیا جائے گا، قومی سلامتی کمیٹی میں مراسلہ لے کر گیا، اسمبلی میں بھجوایا، اسپیکر نے چیف جسٹس کو بھیجا، اسی طرح صدر مملکت نے بھی چیف جسٹس کو مراسلہ بھیجا کہ انکوائری ہونی چاہیے۔

عمران خان نے کہاامپورٹڈ حکومت بار بار کہتی تھی کہ کوئی خط نہیں ہے، ان کے ساتھ میڈیا مل گیا، انہوں نے بھی کہا کہ مراسلہ نہیں ہے، میں چیری بلاسم (شہباز شریف) اور مریم نواز آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے سائفر کو اٹھا دیا، اب پوری قوم کے سامنے آ گیا کہ جو میں کہہ رہا تھا وہ سچ ہے،نیا ڈراما ہو رہا ہے کہ سائفر گم گیا ہے، مریم بی بی سائفر گم نہیں ہوا کیونکہ پتا چل جائے گا کہ آپ کے والد اور چاچا نے امریکیوں کے ساتھ مل کر سازش کرکے ہماری حکومت گرائی، اب دفتر خارجہ سے پوچھیں وہاں پر سائفر کی ماسٹر کاپی موجود ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا میں اس قوم کو سڑکوں پر اس لیے نکالنے لگا ہوں کہ انہوں نے اپنی چوری بچانے کے لیے اس ملک کا اتنا بڑا نقصان کیا ہے، انہوں نے قانون میں جو تبدیلیاں کی ہیں، اس سے طاقت ور لوگ چوری کریں گے تو پکڑے نہیں جاسکیں گے، جو اس سازش کو کامیاب ہونے سے روک سکتے تھے، میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ قوم آپ کو معاف کردے گی کہ آپ نیوٹرل ہیں، قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، لوگوں کو مہنگائی کی دلدل میں پھنسا دیا، ان چوروں کو اوپر بیٹھا کر ان کے کیسز معاف ہو گئے، اور ہم کہیں کہ جی میں تو نیوٹرل ہوں، قوم ان اداروں کی طرف دیکھتی ہے جو ان چوروں کو روک سکتے تھے۔

انکاکہنا تھانواز شریف سے زیادہ بزدل آدمی کا نام اسحٰق ڈار ہے، ڈار کی کانپیں ٹانگتی ہیں، میں مان ہی نہیں سکتا کہ جب تک اس سے ڈیل نہیں ہوئی اور طاقتور حلقوں نے اس کو این آر او کی ڈیل نہیں دی اور دلاسہ نہیں دیا کہ فکر نہ کرو تمہیں پکڑا نہیں جائے گا تب تک وہ گیڈر کبھی پاکستان نہیں آسکتا تھا، اس ملک میں حقیقی آزادی کے لیے مارچ کا جو میرا پلان بن رہا ہے، اس کے لیے آپ سب نے تیاری کرنی ہے کیونکہ زنجیریں گرتی نہیں ہیں ان کو توڑنا پڑتا ہے،ایک تحریک پاکستان بنانے کے لیے تھی، 75 سال کے بعد پاکستان کو حقیقی طور پر آزاد کرنے کے لیے یہ دوسری تحریک ہے۔

عمران خان نے کہا آپ لوگوں نے ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ کرنا ہے، آپ نے ظالم سے خوف زدہ نہیں ہونا، اگر آپ ظلم کے خلاف نہیں کھڑے ہوں گے تو معاشرے میں ظلم بڑھ جائیں گے، مریم نواز کو بری کرنے کے حوالے سے حسین شریف کی ویڈیو دکھاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حسین شریف خود کہہ دیتے ہیں کہ 4 محلات مریم نواز کے ہیں، اب یہ سمجھائیں کہ عدالت نے اسے کیسے بری کردیا، کپتان تیاری کر رہا ہے، رانا ثنااللہ اور شہباز شریف تیار ہو جاؤ، مجھے تو آپ کے پلان کا پتا ہے لیکن آپ کو میرے پلان کا نہیں پتا، تیاری کر رہا ہوں پھر ایک دم کال دوں گا۔

Back to top button