ریشم کا فلم ’’گنجل‘‘ سے سینما سکرین پر واپسی کا اعلان

پاکستانی فلمسٹار ریشم نے نئی فلم ’’گنجل‘‘ کے ذریعے سینما سکرین پر واپسی کا اعلان کیا ہے، اداکارہ کے مطابق وہ احمد علی اکبر کے ہمراہ نئی فلم میں جلد جلوہ افروز ہوں گی۔ریشم کی آخری مرکزی فلم ’’سوارنگی‘‘ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، اب 8 سال بعد جلد ہی وہ بڑے پردے احمد علی اکبر کے ہمراہ دکھائی دیں گی، ریشم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ’’گنجل‘‘ کی ہدایات شعیب سلطان نے دی ہیں، جس میں وہ احمد علی اکبر کے ہمراہ جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔اداکارہ نے فلم کی کہانی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا اور نہ ہی اس بات کی وضاحت کی کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ان کی پوسٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی شوٹنگ مکمل کر لی گئی، ریشم فلم سے متعلق انسٹا گرام پر بھی پہلے پوسٹس کر چکی ہیں، جن میں انہوں نے بتایا کہ فلم میں احمد علی بٹ اور آمنا الیاس سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے لکھا کہ فلم میں کام کرنے کے حوالے سے جہاں وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں، وہیں انہیں کچھ خوف بھی ہے، وہ ہمیشہ سے ہی ’گنجل‘ جیسی فلم میں کام کرنا چاہتی تھیں لیکن ان کی بدقسمتی رہی کہ انہیں ایسا موقع نہیں ملا، ریشم نے مزید لکھا کہ برسوں بعد جب انہیں ’گنجل‘ کی کہانی سنائی گئی تو انہوں نے فوری طور پر کام کی رضامندی ظاہر کی، فلم انہیں ضرور کرنی تھی کیونکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ان موضوعات پر بات کریں جن پر بات کرنا ضروری ہے۔ریشم نے لکھا کہ گزشتہ برس وہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں مختصر کردار میں دکھائی دی تھیں لیکن اب کچھ سال بعد وہ مرکزی کردار کے طور پر بڑے پردے پر دکھائی دیں گی، خیال رہے کہ ریشم نے 1995 میں فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’جیوا‘ سے کیا تھا اور ان کی پہلی ہی فلم نے اچھی کامیابی حاصل کی تھی، ریشم کی دیگر مشہور فلموں میں ’چور مچائے شور، گھونگھٹ، سنگم، دوپٹا جل رہا ہے، انتہا، پل دو پل، طوفان، پہلا پہلا پیار اور تڑپ‘ شامل ہیں، ریشم نے فلموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں اور سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، ساتھ ہی وہ ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں، شاندار پرفارمنس پر انہوں نے ’’پرائڈ آف پرفارمنس‘‘ سمیت متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

Back to top button