سابق صدر زرداری کا اپوزیشن لیڈز شہباز شریف کو وطن واپسی کا مشورہ

سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے صدراور اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کو وطن واپسی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف وطن واپس آکر پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں.اور مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دور کرنے کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے اقدامات بروئے کار لائیں.
ذرائع کے مطابق اپوزیشن سے ناراض جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو منانے کے لیے آصف علی زرداری نے میاں شہباز شریف کو پیغام بھجوایا ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین کے معتمد خاص نے میاں شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دور کرنے سے متعلق آصف زرداری کا پیغام پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر کی طرف سے بھجوائے گئے پیغام میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو فوری وطن آکر پارلیمان میں اپوزیشن کی قیادت کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے اپنے معتمد خاص کے ذریعے بھجوائے گئے پیغام میں شہباز شریف کو ہر قیمت پر مولانا فضل الرحمن کو منانے اور اپوزیشن اتحاد کو سرگرم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی تجویز دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے شہباز شریف کو فوری وطن واپسی کا بھی مشورہ دیا ہےاور کہا ہے کہ وہ وطن واپس آکر پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں جب کہ جے یو آئی کےقائد مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دور کرنے کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے اقدامات بروئے کار لائیں۔
یاد رہے کہ جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے پارلیمنٹ میں سروسز ایکٹ ترمیمی بلوں کی یک طرفہ حمایت کرنے پر ناراض ہیں اور انہوں نے اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی میزبانی میں ہونے والی سرگرمیوں کا بھی غیر اعلانیہ بائیکاٹ کر رکھا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے حکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے بلائے گئے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو دعوت نہیں دی گئی تھی.
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی تھی، مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری کی عیادت کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button