ساتھی کرکٹرز نے کپتانی چھوڑنے پر بابراعظم کو کیا پیغام دیا؟

ساتھی کرکٹرز نے کپتانی چھوڑنے پر بابراعظم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کپتان ہی کرکٹر نہیں ہوتا، بطور بلے باز انہیں کھیل کے میدان میں ابھی کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے ہیں، اس لیے میدان میں ڈٹے رہیں۔کرکٹ کے تینوں فارمیٹ سے استعفیٰ دینے کے بعد بابر نے کہا تھا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرونگا، ان کے اس اعلان کے کچھ دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں کا اعلان کر دیا تھا۔سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم نے بابراعظم کی جانب سے کپتان سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم بابراعظم کو بطور بلے باز کھونا نہیں چاہتے، وہ تمام فارمیٹس میں نمبر ون کرکٹر رہے ہیں، سابق کرکٹر اور کپتان شعیب ملک نے بابراعظم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر کہا کہ ’بہت اچھے وقت پر انہوں نے فیصلہ کیا ہے، اب وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں گے اور پاکستان کے لیے میچ جیتیں گے، سابق کرکٹر اظہر علی نے بابراعظم کی بطور کپتان خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی قیادت کرنے کا آپ کا آخری موقع نہیں ہوگا، ہر تجربے سے ہم کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں، اب آپ صرف بہت سارے رنز بنانے کا مزہ لیں، اللہ آپ کو خوش رکھے، آمین۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے بابر اعظم کی بطور کپتان خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی قیادت، ٹیلنٹ اور پرفارمنس سے کرکٹرز کی اگلی نسل کو متاثر کیا ہے، امید ہے کہ آپ ایسے ہی راج کریں گے۔ قومی ٹیم کے بلے باز محمد رضوان نے ایکس پر لکھا کہ کپتان، آپ دلوں کے کپتان ہو، آپ یقیناً پاکستان کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں، آپ کی ایمانداری، محبت، دیانت، خیالات اور بطور کپتان پاکستان کے لیے کوششیں قابل توجہ ہیں۔فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بابراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی قیادت میں اپنی وائٹ گیند پر ڈیبیو کرنا اور کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آپ نے ہمیشہ آگے بڑھ کر قیادت سنبھالی ہے اور ہم سب کو ’ایک ٹیم، ایک خواب‘ پر یقین دلایا ہے۔آل راؤنڈر افتخار احمد نے لکھا کہ آپ کی کپتانی میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات تھی، اس عرصے کے دوران میں اپنی بہت سی کامیابیاں اور بہت سے ناکامیاں دیکھی ہیں لیکن آپ کا عزم ہمیشہ بلند رہا ہے، سپنر محمد وسیم جونیئر نے لکھا کہ میرے ٹی 20 ڈیبیو سے ایک رات پہلے جب آپ میری حوصلہ افزائی اور حمایت کرنے کے لیے میرے کمرے میں داخل ہوئے، یہ وہ لمحہ ہے جس کو میں ہمیشہ یاد رکھوں گا، میں ہر چیز کے لیے شکر گزار ہوں کپتان۔آل راؤنڈر شاداب خان نے بابراعظم سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شاہین آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر ہونے پر مبارک باد بھی دی، سابق کپتان محمد حفیظ نے بابر اعظم کو بطور کپتان پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہا اور لکھا کہ آپ کا زیادہ سے زیادہ رنز بنانے اور میچ جیتنے میں کردار ادا کرنے کا عزم قابل تعریف ہے، سلامت رہیں اور خوش رہیں۔
