سانحہ 9مئی،عمران خان نے فوجی قیادت سے معافی مانگ لی؟

عمران خان نے 9 مئی کو ملک بھر میں ہونے والی شرپسندانہ کارروائیوں پر فوجی قیادت سے معافی مانگتے ہوئے جیلوں میں قید عمرانڈوز کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان سے منسوب ایک معافی نامہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں وہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق کے کمسن بچے کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اِس وقت جیل میں موجود تمام پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی ترجمان نے اس معافی نامے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس کی تردیدکر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل خط میں عمران خان کی جانب سے 9 اور 10 مئی کے واقعات کی مذمت بھی کی گئی ہے اور آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، کچھ لوگ اس کو درست قرار دے رہے ہیں جبکہ کئی لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان نے ایسا کوئی معافی نامہ جاری نہیں کیا۔

سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سید کامران نقوی نے سادہ کاغذ پر تحریر مبینہ معافی نامہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان نے 9 مئی کے واقعات پر اداروں سے معافی مانگ لی ہے۔

صحافی عادل نظامی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں مبینہ معافی نامہ کی کاپی شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مبینہ معافی نامہ۔ تاحال کسی نے اصل ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

ایک اور صحافی طارق متین نے عمران خان سے منسوب خط کی تصویر اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اس کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ڈاکٹر فرحان ورک نے صحافی طارق متین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ وکلا سے لکھوایاگیا ہو، آپ کو تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹس سے تصدیق مانگنی چاہیے۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر رؤف حسن نے اس خط کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مخالفین کی جانب سے اسکو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پروپینگڈا قرار دیا ہے۔

عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے بھی اس خط کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ معافی کے حوالے سے چلنے والی خبر بلکل غلط ہے، ایسی کوئی بات نہیں یہ غلط خبر چلائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اس وقت سائفر کیس میں اٹک جیل میں قید ہیں جہاں ایف آئی اے کی جانب ان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ اس سے قبل توشہ خان کیس میں ان کو سنائی گئی سزا اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دی تھی۔

Back to top button