سردیوں‌ کی آمد ، حکومت ایل این جی کی درآمد کی منتظر

سردیوں میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لی پاکستان کو ایل این جی کی درآمد کے لیے کسی بھی عالمی کمپنی سے کوئی رسپانس موصول نہیں‌ ہوا ہے ، دسمبر سے جنوری کے لیے تاحال ایک بھی بولی موصول نہیں ہوئی ہے۔

موجودہ حکومت نے تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خرید کر ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، ذرائع کے مطابق ایل این جی کے انتظامات میں مزید تاخیر سردیوں میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کو جنم دے سکتی ہے۔

پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے دسمبر اور جنوری میں چار چار ایل این جی کارگوز کی خریداری کیلئے 11 اکتوبر تک بولیاں طلب کی تھیں۔پاکستان ایل این جی لیمیٹڈ کے مطابق دسمبر اور جنوری کیلئے ایل این جی سپلائی کی کوئی بڈ موصول نہیں ہوئی۔

پی ایل ایل کی طرف سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق 6 سے 7 دسمبر، 10 سے 11 دسمبر، 15 سے 16 دسمبر اور 26 سے 27 دسمبر کے دوران چار کارگوز کیلئے بولیاں طلب کی گئیں۔

جنوری میں 14 سے 15، 19 سے 20 جنوری، 24 سے 25 جنوری اور 29 سے 30 جنوری کیلئے بھی چار کارگوز کی بولیاں طلب کی گئی تھیں۔پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا کہ پاکستان ایل این جی لیمیٹڈ کو کوئی بھی بولی موصول نہیں ہوئی جس کی وجہ دنیا میں ایل این جی کی بڑھتی ہوئی طلب ہو سکتی ہے۔

Back to top button