ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹی نہیں ایک بڑی ڈیل چاہتے ہیں : جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ کسی چھوٹے موٹے سمجھوتے کے بجائے ایک بڑا اور جامع معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ایران ایک نارمل ملک کی طرح رویہ اپنانے پر راضی ہوجائے تو امریکا اس کے ساتھ معاشی تعلقات بحال کرنے کےلیے تیار ہے۔
نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 49 برس میں اس اعلیٰ سطح کے امریکا ایران مذاکرات نہیں ہوئے، 49 برس کا عدم اعتماد ایک رات میں دور نہیں ہوسکتا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی جانتے تھے صدر ٹرمپ نے مجھے نیک نیتی سے بھیجا،ٹرمپ چھوٹی ڈیل نہیں چاہتے اس لیے ابھی تک ایران سے ڈیل نہیں ہوئی۔
جے ڈی وینس نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونےوالے مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی تھی،تاہم جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر ڈیڈلاک پیدا ہوا۔ٹرمپ چاہتے ہیں ایران ڈیل امریکا اور دنیا میں ہر ایک کےلیے عظیم ہو،ڈیل ایسی ہوکہ ایرانی عوام عالمی معیشت کا حصہ بن سکیں۔
امریکی نائب صدر کاکہنا تھاکہ اگر ایران ایک نارمل ملک کی طرح رویہ اپنانے پر راضی ہوجائے تو امریکا اس کے ساتھ معاشی تعلقات بحال کرنے کےلیے تیار ہے،لیکن واشنگٹن کی بنیادی پالیسی تہران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہے۔
ایران امریکاکےمذاکرات پھرپاکستان میں ہوں گے،ٹرمپ نےاشارہ دیدیا
انہوں نے کہا کہ ایران سے مذاکرات میں جس مقام پر ہیں،اس پر بہتر محسوس کرتاہوں،جنگ بندی برقرار ہے۔
نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے واضح کیاکہ اگر ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کا عہد کرےتو امریکا اسے معاشی طور پر ترقی دینے میں مدد کرےگا،تاہم وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو ایران کو اپنی پراکسیوں کی مالی معاونت سے بھی روک دے۔
