سرفراز احمد کا ناقدین کو شاعرانہ انداز میں ایک اور جواب

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے خود پر تنقید کرنے والوں کو شاعرانہ انداز میں ایک اور جواب دے دیا۔ سرفراز احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’نہ میں گرا نہ میری امیدوں کے مینار گرے، پر کچھ لوگ مجھے گرانے میں کئی بار گرے‘۔
سابق کپتان نے یہ ٹویٹ ایک اور ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا جس میں کہا گیا تھا کہ سرفراز نے گزشتہ سال ڈومیسٹک کرکٹ میں سندھ کی کپتانی چھوڑی، انہیں پھر کپتان مقرر کر دیا گیا۔
نہ میں گرا نہ میری امیدوں کے مینار گرے
پر کچھ لوگ مجھے گرانے میں کئی بار گرے🔥👏👏 https://t.co/KAx4D3YM6G— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) September 10, 2020
خیال رہے کہ قبل ازیں ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’اتنا چبھنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں، جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں‘۔ سرفراز احمد دورہ انگلینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے، انہیں ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ سرفراز احمد نے میچ میں ایک اسٹمپ آؤٹ کا موقع ضائع کیا، مگر سوشل میڈیا صارفین نے سرفراز کو تنقید کا نشانہ بنانے میں کوئی موقع ضائع نہ کیا۔ اس سے قبل سرفراز احمد کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچ کے دوران گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر جمائیاں لینے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا ٹائم لائنز کی زینت بنیں۔
اتنا چھبنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں
جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) September 2, 2020
خیال رہے کہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح سابق کپتان سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر سوشل میڈیا پر کافی بحث کی گئی تھی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں ٹیسٹ میچ کے دوران سرفراز احمد شان مسعود کےلیے میدان میں پانی اور جوتے لے کر آئے تھے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ سرفراز کو عزت ملنی چاہیے تھی کیوں کہ وہ چیمپئن کپتان ہیں اور چیمپئنز کے ساتھ ایسا سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔ ایک صارف نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تصویر یہ لکھ کر شیئر کی تھی کہ کوہلی بھی ایسا کر چکے ہیں پی سی بی پر کسی ٹھوس مسئلہ پر تنقید ہونی چاہیے۔
