سعودی عرب،کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب زوردار دھماکے

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مرکزی ہوائی اڈے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب زوردار دھماکوں کے بعد آسمان پر دھوئیں کے گہرے بادل اور آگ کے شعلے دیکھے گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اس وقت شدید سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا جب کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریبی علاقے سے خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

رائٹرز اور اے ایف پی کی رپورٹس اور ویڈیو فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ ہائی وے اور مین ٹرمینل بلڈنگ کے پسِ منظر میں سیاہ دھوئیں کا ایک بہت بڑا ستون فضا میں بلند ہو رہا ہے اور فیول ٹینکس (سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے ڈپو) کے پیچھے سے آگ کے شعلے نکل رہے ہیں۔

اس واقعے کے بعد فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار اور منسوخ کر دی گئی ہیں۔

دھماکوں سے چند گھنٹے قبل سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے ریاض اور اس کے قریبی شہر الخرج کے رہائشیوں کے موبائل فونز پر ہنگامی وارننگ میسجز بھیجے گئے تھے جن میں امکانی فضائی حملے کے خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کھڑکیوں اور کھلی جگہوں سے دور رہیں اور گھروں کے اندر ہی قیام کریں۔ الرٹ جاری ہونے کے بعد پورے شہر میں دھماکوں کی گونج سنی گئی۔

 

 

Back to top button