پاکستان سے بہتر تعلقات کےلیے سعودی عرب ثالثی کرے: افغان طالبان

افغان طالبان نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات اور بات چیت جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتےہوئے سعودی عرب سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔
عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے، جب کہ تنازعات کے حل کےلیے سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ذبیح اللہ نے کہاکہ سعودی عرب سے توقعات ہیں کہ دوست ہونےکی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرے،سعودی عرب اس معاملے میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افغان عوام کے دل میں بھی سعودی عرب اور دونوں مقدس مساجد کےلیے بہت محبت اور احترام ہے،امید ہے سعودی حکام ثالثی کی اپنی کوششیں مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔
ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ امید ہے سعودی حکام افغانستان اور پاکستان کے درمیان موجود مسائل کو حل کرنےمیں مدد کریں گے،ہم سعودی عرب کے فیصلوں اور اس کی ثالثی کی کوششوں کا احترام کرتےہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان بارہا واضح کرچکا ہےکہ افغانستان سے ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہےکہ افغان سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہو،افغان طالبان پاکستان کےخلاف استعمال ہونےوالی بھارتی پراکسیز اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کےخلاف کارروائی کریں۔
