سعود شکیل ایشیا کپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل

مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو ایشیا کپ کیلئے پاکستان اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق لیفٹ ہینڈ بیٹر سعود شکیل کو طیب طاہر کی جگہ 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، طیب طاہر بطور ٹریولنگ ریزرو ایشیا کپ اسکواڈ کے ساتھ رہیں گے۔پاکستان ٹیم کے ذرائع کے مطابق سعود شکیل کو سلیکٹ کرتے وقت جن عوامل کو اہمیت دی گئی اس میں ان کی اسپن کو بہتر انداز میں کھیلنے کی صلاحیت، سری لنکن کنڈیشنز میں حالیہ پرفارمنسز اور ان کا لیفٹ ہینڈر ہونا شامل ہے۔
خیال رہے کہ سعود شکیل کو اس سے قبل صرف افغانستان سے سیریز کیلئے ٹیم میں رکھا گیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ اسکواڈ کل کولمبو سے ملتان پہنچے گا ، لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے والے پلیئرز کو پہلے لاہور جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
بابر اعظم، نسیم شاہ اور امام الحق کل لاہور جائیں گے اور پیر کو ملتان پہنچیں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم ملتان میں پہلا ٹریننگ سیشن 29 اگست کو کرے گی، ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو ہوگا۔
