سلمان خان اور شاہ رخ آمنے سامنے، مقابلہ کون جیتے گا؟

بالی وڈ دبنگ خان کی نئی فلم ’’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘‘ ریلیز کے پہلے روز مایوس کن آغاز کے بعد اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے، فلم اب تک سینما سکرین پر صرف بھارت میں 68 کروڑ 17 لاکھ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔

بالی وڈ میں اگر کوئی اداکار سب کا بھائی اور کئی کا جان ہے تو بلاشبہ وہ سلمان خان ہی ہیں، اس عید پر ان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی نمائش کا اعلان ہوتے ہی سلمان خان کے چاہنے والے ایک ایک دن گن گن کر گزار رہے تھے۔

سلمان خان کے لیے یہ فلم اس اعتبار سے بھی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ دو سال پہلے آئی ان کی فلموں ’رادھے‘ اور ’انتم‘ نے باکس آفس پر کوئی دھماکہ نہیں کیا تھا، اسی لیے ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ سلمان خان کے لیے اب تمام تر امیدوں کا مرکز بنی ہوئی ہے، خاص کر ایسے میں بھی جب ان کے قریبی حریف شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے بھارت ہی نہیں دنیا بھر میں کھڑکی توڑ کاروبار کیا ہے۔

سلمان خان کی فلم کی کہانی کچھ کچھ ماضی کی فلم ’چلتی کا نام گاڑی‘ سے بھی ملتی جلتی ہے۔ ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی کہانی میں ایک اور ڈرامائی کشمکش یہ آتی ہے کہ پوجا کے بھائی عدم تشدد پر یقین رکھتے ہیں اور بھائی جان تو بنا تشدد کے دو قدم بھی نہیں چل پاتے۔

بالی وڈ پنڈتوں کا خیال ہے کہ سلمان خان کی دیگر فلموں کے مقابلے میں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی ہدایتکاری میں جھول ہیں، ہدایت کار فرہاد سامجی کامیڈی سیریز ’ہاؤس فل‘ کے ہدایت کار رہے ہیں، جبکہ ان کی خدمات بہت جلد ’ہیرا پھیری3‘ کے لیے بھی لی جائیں گی۔

سلمان خان کی اس فلم میں انہوں نے ایکشن مناظر میں تو واقعی جان ڈالی ہے لیکن مزاحیہ مناظر کمزور ہیں۔ اس میں ان کے سکرپٹ رائٹرز کا بھی قصور ہے جنہوں روایتی کامیڈی لکھ کر کام چلایا ہے۔

سلمان خان فلم کے بیشتر مناظر میں رنجیدہ ہو کر آنسو بہانے پرمجبور ہوتے ہیں لیکن یہ مناظر جذبات اور احساسات سے عاری ہیں، سلمان خان کی اس فلم میں آپ کو بالی وڈ اداکاروں کی کہکشاں نظر آئے گی،  سلمان خان چونکہ خود پروڈیوسر بھی ہیں جبھی انہوں نے جنوبی بھارت اور بالی وڈ اداکاروں کا جمعہ بازار لگا دیا ہے۔

سلمان خان کی ہیروئن کے طور پر پوجا ہیگڑے کی اداکاری فلم میں غیر معمولی رہی ہے جوکہ جنوبی بھارت کی ٹاپ کلاس ہیروئن ہیں اور سلمان خان نے اسی بنا پر ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں کاسٹ کیا تاکہ جنوبی بھارت کے فلم بینوں کی دلچسپی کو بھی کیش کرا لیں۔

بہرحال شہناز گل اگر یہ تصور کیے بیٹھی ہیں کہ اس فلم کے ذریعے ان کو اور فلموں میں کام ملے گا تو ان کی اداکاری میں ایسی کوئی خاص کشش نظر نہیں آئی کہ فلم ساز مجبور ہو کر انہیں اور فلموں میں شامل کریں، فلم کے ٹریلر تک میں شہناز گل کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی تھی۔

بھارت میں یہ فلم ساڑھے چار ہزار سینیما گھروں میں جبکہ بین الاقوامی سطح پر 12 سو سینیما گھروں کی زینت بنی، فلم کا ابتدائی کاروبار مایوس کن رہا ہے۔سلمان خان کی 2011 کے بعد سے یہ پہلی فلم ہے جس نے پہلے دن 20 کروڑ روپے کی کمائی بھی نہیں کی،  فلم پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اس کم کاروبار کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فلم عید سے ایک دن پہلے رمضان میں نمائش کے لیے لگائی گئی تو مسلم برادری کی توجہ حاصل نہ کر سکی۔تبصرہ نگاروں کو اُمید ہے کہ سلمان خان کی فلم 100 کروڑ کلب میں تو بہت جلد شامل ہو جائے گی لیکن یہ ضرور ہے کہ فلم ’پٹھان‘ کی کمائی کے آس پاس نہیں جا پائے گی۔

Back to top button