سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، حکومتی و اپوزیشن اراکین آمنے سامنے

سندھ اسمبلی میں باغی ارکان کے حکومتی بنچوں پر بیٹھنے پر ہنگامہ، اپوزیشن اور حکومتی ارکان شور شرابہ کرتے رہے، حزب اختلاف نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ شہریار شر اور اسلم ابڑو کے حکومتی بینچز پر بیٹھنے پر اپوزیشن اراکین نے احتجاج شروع کر دیا۔ حکومتی اراکین نے اپوزیشن کے نعروں کا بھرپور جواب دیا جس پر ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ اجلاس میں لوٹے لوٹے کے نعرے بھی لگائے گئے جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس دس منٹ کےلیے ملتوی کردیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا یہ کوئی طریقہ نہیں افسوس ہے اراکین کو رولز کا پتہ ہی نہیں۔ یہ کتاب اپنے منہ پر ماریں، رول 8 میں جائیں دیکھیں اس طرح کا رویہ نہیں اپنایا جاسکتا۔ اسپیکر نے پی ٹی آئی رہنما بلال غفار سے مخاطب ہوکر کہا آپ پارلیمانی لیڈر ہیں، قانون پڑھیں۔ ان کو پڑھنا نہیں آتا ہے۔
