سندھ اور خیبر پختونخوا کے گورنرزنے صدر کو استعفے بھجوا دیئے
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر تحریک انصاف کے سندھ اور خیبر پختونخوا کے گورنرز نے استعفے دے دیئے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صدر مملکت کو بھجوائے گئے اپنے استعفیٰ میں شعر بھی لکھا کہ اے طاہر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی، جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی۔
انہوں نے کہامیں ایک ایسے شخص کے ماتحت کام نہیں کرسکتا جس پر کرپشن کے سنگین الزامات ہوں، لیٹر گیٹ پر تمام ریاستی ادارے نوٹس لینے میں ناکام رہے، میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ میں ایک ایسے شخص کے ساتھ کام کروں،اب قیادت کے ساتھ ملکر پاکستان کی خودمختاری کے حصول کیلئے جدوجہد کروں گا۔
دوسری طرف گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے استعفے پر دستخط کر دیئے ہیں اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔