سوات موٹروے پر خوفناک حادثہ،11 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا میں سوات ایکسپریس وے ایک مرتبہ پھر المناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی، جہاں تیز رفتار وین اور بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں شدید جانی نقصان ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس کراچی سے بونیر جا رہی تھی جبکہ مسافر وین راولپنڈی سے دیر کی جانب رواں دواں تھی۔ حادثے کے وقت بس سڑک کنارے کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار وین اس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس، ریسکیو اہلکار اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا، زخمی مدد کیلئے پکارتے رہے جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے طویل آپریشن کیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی رپورٹ میں تیز رفتاری اور ڈرائیور کی لاپرواہی کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوات ایکسپریس وے پر گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں، جن کی بڑی وجوہات تیز رفتاری، غفلت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بتائی جاتی ہیں۔
