سندھ حکومت آوارہ کتوں کے کاٹنے پر اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے والے جج سے ناراض

سندھ حکومت آوارہ کتوں کے کاٹنے پر اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے والے جج سے ناراض ہوگئی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو درخواست بھیج دی جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس آفتاب احمد گوڑر اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں، سندھ حکومت کا کوئی بھی کیس ان کی عدالت میں نہ لگایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے یہ اقدام سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی رکنیت معطلی کا حکم آنے کے بعد اٹھایا گیا، سندھ حکومت کی درخواست میں جسٹس آفتاب احمد گوڑر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپناتے ہوئے سندھ حکومت نے استدعا کی ہے کہ کیس سکھر بینچ سے کراچی منتقل کیے جائیں کیوں کہ جسٹس آفتاب احمد گوڑر سندھ حکومت کے کیسز میں اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں، اس لیے سندھ حکومت کا کوئی بھی کیس جسٹس آفتاب احمد گوڑر کی عدالت میں نہ لگایا جائے۔
یاد رہے کہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر 2 ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی تھی، سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر 2 ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی، معطل کیے جانے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور ایم پی اے گیان چند اسرانی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صوبے میں کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت ہی سندھ ہائی کورٹ نے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر 2 ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کیا گیا، اس سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے دونوں ارکان کی معطلی کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن کو دونوں ایم پی ایز کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button