سندھ حکومت نے ریسٹورینٹس اور شادی ہالز کھولنے پر رضا مندی ظاہر کردی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ریسٹورینٹس اور شادی ہالز کھولنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کورونا وائرس ٹاک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت، سیکرٹری صحت اور دیگر حکام نے شرکت کی جب کہ سیکرٹری صحت نے صوبے میں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ این سی سی نے 15 ستمبر سے اسکول اور شادی ہال کھولنے کی اجازت دی ہے۔
ہم اسکول، ریسٹورنٹ، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھولیں گے لیکن ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور جو بھی خدمات کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل میں شہر کے دورے پر گیا، لوگوں نے ماسک کے استعمال کو چھوڑ دیا ہے، ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل نہیں ہو رہا جس سے کورونا دوبارہ پھیل سکتا ہے، ہمیں ویکسین آنے تک کورونا کے ساتھ رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوروناوائرس کے ٹیسٹ پورے ملک میں سب سے زیادہ ہیں، ٹاسک فورس اراکین نے بہترین فیصلے کیے جس سے سندھ کے عوام کو فائدہ ہوا، ہمارے فیصلوں کو دیگر نے فالو کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہتا ہوں 14 اگست کو مزار قائد پر اسکول کے بچوں کو نہ بلائیں، گورنر کو درخواست کروں گا کہ دونوں مزارقائد پر جاکر پھول رکھیں، ہمیں ایس او پیز پر عمل کرکے دکھانا ہوگا۔
تاہم ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر سروسز دوبارہ کھولی گئیں تو اس حوالےسے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے بعد ریسٹورانٹس کو رات 10 بچے تک کھلے رہنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے تمام کاروبار، مارکیٹس، بازار کھولنے کیلئے اوقات کار کی پابندی ختم کردی ہے، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی، تمام ریسٹورانٹس کی ان اور آؤٹ ڈورسروس، سینماء ہالزاور تھیٹرز، بیوٹی پارلرز، جم کلب، پارکس،سیاحتی مقامات کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے، لاک ڈاؤن پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا سسٹم آیا، ہم نے ایک مربوط حکمت عملی بنائی، انٹرنیشنل جریدوں میں بھی پاکستان کی تعریف کی جا رہی ہے، پاکستان نے زبردست کام کیا ہے۔ ان سب چیزوں کو دیکھتے ہوئے کچھ سیکٹرز کو بند کیا ہو اتھا، آج این سی اوسی نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کی سفارشات پر قومی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تعلیمی ادارے 15ستمبر کو ایک تاریخ دی گئی ہے، آخری نظرثانی7ستمبر کو اجلاس ہوا، جس میں پھر جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، جب کہ سیاحتی مقامات کے ریسٹورانٹس اور ہوٹلز کو 8اگست کو کھول دیا جائے، جب کہ ملک بھر میں تمام ریسٹورانٹس کوان اورآؤٹ ڈورسروس 10اگست کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی، اسی طرح 10اگست سے سینماء ہالز اور تھیٹرز کو بھی کھول دیا جائے گا۔ کبڈی، رگبی، کشتی کے علاوہ اور شائقین کے بغیر باقی اسپورٹس کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح بیوٹی پارلرز،جم کلب، پارکس، کھولنے کی 10اگست سے اجازت دے رہے ہیں۔ ان سب سیکٹرز کو کھولنے کیلئے ایس اوپیز بنائے جا رہے ہیں۔ شادی ہالز بھی 15ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے، میٹرو بسوں میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔ 30 ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار رہیں گے۔جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔مزارات کو بھی کھولا جارہا ہے، عرس کروانے کےلیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔ تمام کاروبار جن میں مارکیٹس، دکانوں، بازاروں پرفوری پابندی ختم کی جارہی ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button