سندھ حکومت کا 15 ستمبر سے شادی ہالز بھی کھولنے کافیصلہ

سندھ میں کورونا پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے ہالز میں شادی بیاہ کی تقاریب پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) فیصلوں کے تحت محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق 15ستمبر کے بعد سےشادی ہالز میں تقاریب کا انعقاد ہوسکے گا۔محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلوں اور ماسک کےساتھ شادی ہالز میں تقاریب کا انعقاد ہوسکے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے اوقات کار بھی جاری کردیے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں صبح 6 سے رات 8 بجے تک ہوں گی اور ہفتے کے روز رات 9 بجے تک دکانیں کھلی رکھی جاسکیں گی۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ میڈیکل اسٹورز، اشیائے ضروریہ کی دکانیں اوقات کار کی پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی اور لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کا حکم نامہ 15 اکتوبر تک مؤثر ہوگا۔
خیال رہے کہ کورونا کے باعث سندھ حکومت نے شادی ہالز میں تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی تھی۔اس کے علاوہ سندھ حکومت نے کل سے تعلیمی ادارے بھی مرحلہ وار کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
