سندھ کابینہ نےآئی جی کلیم امام کوہٹانےکی منظوری دیدی

سندھ کابینہ نے انسپکٹرجنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹرکلیم امام کوعہدے سے ہٹانے اوران کی خدمات وفاق کو واپس دینے کی منظوری دے دی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ‘آئی جی سندھ کلیم امام کو 13 دسمبر2019 کولکھے گئے آخری خط میں بتا دیا گیا تھا کہ جس طرح وہ رولزکی خلاف ورزی کررہے ہیں صوبائی حکومت اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھنے پرغورکررہی ہے،اسی کے تناظرمیں آج کا اجلاس ہوا۔’

انہوں نے کہا کہ ‘بعض مواقع پرآئی جی سندھ نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات بھی دیے، جب آپ اتنے اہم عہدے پر فائز ہوتے ہیں جو کچھ آپ کہتے اور لکھتے ہیں اس کی کافی اہمیت ہوتی ہے، ایک موقع پر اگرآئی جی صوبائی حکومت کو یہ لکھے کہ کچھ افسران کو صوبے سے باہر بھیج دیا جائے اور پھر جب سندھ حکومت اس میں تاخیر کرے تو یاد دہانی بھی کرائی جائے، جب آخری افسر بھی صوبے سے باہر چلا گیا تو کلیم امام نے یہ کہا کہ انہیں اس کا ٹی وی کے ذریعے علم ہوا۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘اسی طرح مختلف مواقع پر پولیس کا محکمہ مختلف سفارتخانوں کو براہ راست خطوط لکھتا رہا جو رولز کی خلاف ورزی ہے، اس معاملے پر کچھ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی چیف سیکریٹری کو یہ لکھا کہ پولیس افسران کو اس کام سے روکا جائے، لیکن روکنے کے باوجود بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔ سعید غنی نے کہا کہ ‘کراچی میں اغوا کے دو معروف کیسز سامنے آئے، ایک بسمہ کا اور ایک دعا منگی کے اغوا کا کیس تھا، دونوں کیسز تقریباً ایک جیسے تھے، بسمہ کے اغوا کے کئی ماہ بعد جب دعا منگی کے اغوا کا کیس سامنے آیا تو پوچھنے پریہ بات عمل میں لائی گئی کہ پچھلے کئی ماہ سے اس کیس پر کوئی کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ‘بسمہ کے کیس میں جب کوئی دلچسپی نہیں لی گئی تودعا منگی کا واقعہ پیش آیا، دعا کے کیس میں ان کے اہلخانہ پولیس سے بات کرنے کو تیارنہیں تھے لیکن یہ بات اس وقت سامنے لانا مناسب نہیں تھا، دعا کے اہلخانہ کا بسمہ کے کیس کے بعد پولیس پر اعتماد نہیں تھا۔

دوسری طرف انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مشاورت کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا ہے.صوبہ سندھ کی کابینہ نے آئی جی کلیم امام کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی ہے جس کے ساتھ ہی وفاق کو نئے آئی جی کے لیے 3 نام بھیجے جائیں گے۔اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور ان سے مشورہ کیا ہے۔وزیراعظم نے گورنر سندھ کو آئی جی کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی ٹاسک دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ اور وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات کل ہوگی۔
خیال رہے کہ حکومت سندھ اور وفاق میں متعدد بار آئی جی سندھ اور پولیس کے معاملات پر ٹھن چکی ہے اور ایک دوسرے کے خلاف تندوتیز بیانات بھی دیے جاچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button