سندھ یونیورسٹی کی بس کا ڈرائیور جاں بحق

حیدرآباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے سندھ یونیورسٹی بس کا ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا۔ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ کے مطابق سٹی گیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے سندھ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے والی بس کے ڈرائیور 50 سالہ غلام علی ولد محمد مٹھل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

امجد شیخ کے مطابق واقعہ بس پر فائرنگ کا نہیں، ڈرائیور بس کو روک کر ہوٹل پر پانی پینے کے لیے نیچے اترا تو ملزمان نے گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

امجد شیخ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ خاندانی تنازع اور غیرت پر قتل کا ہے، پولیس کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔

واقعے کے خلاف سندھ یونیورسٹی کی بسوں کے ڈرائیوروں نے احتجاج بھی کیا تاہم پولیس نے صورت حال سے آگاہی دلا کر معاملہ ختم کرا دیا۔

Back to top button