سوشل میڈیا پر بائیکاٹ ، شاہ رخ خان کا ٹرینڈ کیوں چلا؟

بالی ووڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان اپنے مسلمان ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بائیکاٹ شاہ رخ خان کا ٹرینڈ چلا دیا ہے۔ بھارت میں کروڑوں لوگ کنگ خان سے بے حد محبت کرتے ہیں لیکن وہیں کچھ ایسے انتہا پسند لوگ بھی ہیں جو شاہ رخ سے صرف اس لیے نفرت کرتے ہیں کہ وہ مسلمان ہیں۔ چنانچہ 16 ستمبر کو بھارتی عوام شاہ رخ کے معاملے پر آمنے سامنے آ گئے۔ 16 ستمبر کی دوپہر (#BoycottShahRukhKhan) کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا تو سہ پہر کے بعد (#SRKPRIDEOFINDIA اور #WeLoveShahRukhKhan) کے ٹرینڈ سب سے اوپر آ گئے۔

کروڑوں دلوں کی دھڑکن اس مسلمان اداکار سے نفرت اور پھر محبت کے معاملے پر ایک دوسرے سے بحث کرنے والے زیادہ تر بھارتیوں میں ہندو تھے لیکن دیگر مذاہب کے لوگوں نے بھی ٹرینڈز میں حصہ لیا۔ شاہ رخ خان کے بائیکاٹ کے حوالے سے سب سے پہلے ریاست ہریانہ کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ارن یادیو نے ٹوئٹ کی۔ تاہم اگر ان کے ٹوئٹر کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے خود شاہ رخ خان کے بائیکاٹ کی ٹوئٹ نہیں کی بلکہ ایک صحافی کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا۔انہوں نے 16 ستمبر کی صبح کو سریش نامی صحافی کی ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا، جس میں انہوں نے ’بائیکاٹ شاہ رخ‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ صحافی کی ہندی میں کی گئی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ شاہ رخ خان کے کرائے کے سوشل میڈیا ٹرولز نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔صحافی کی ٹوئٹ ارن یادیو کی جانب سے ری ٹوئٹ کرنے کے بعد کئی لوگوں نے سمجھا کہ شاہ رخ خان کے ’بائیکاٹ‘ کا مطالبہ بی جے پی رہنما کر رہے ہیں اور انہوں نے بھی یہ ٹوئٹ شیئر کرنا شروع کر دی۔

یوں شاہ رخ کے ’بائیکاٹ‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر آ گیا اور کئی لوگوں نے اداکار کی پرانی ویڈیوز شیئر کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ کماتے بھارت میں ہیں مگر تعریفیں پاکستان کی کرتے ہیں۔ اسی طرح کئی لوگوں نے ان کی اپنے مذہب سے متعلق کہی گئی پرانی ویڈیوز کو شیئر کرکے یہ بھی ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ شاہ رخ خان کے ہندو مذہب کا احترام نہیں کرتے بلکہ وہ ’پکے مسلمان‘ ہیں۔ ’بائیکاٹ شاہ رخ خان‘ کے ٹرینڈ میں ان کی وزیر اعظم عمران کے ساتھ کھینچی گئی پرانی تصویر بھی شیئر کی گئی جب کہ اداکار کی جانب سے ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی تعریف کی ویڈیو بھی شیئر کی گئیں۔ تاہم جلد ہی شاہ رخ خان کے حمایتی بھی سامنے آگئے اور سہ پہر کے بعد بھارت میں ٹوئٹر پر (#SRKPRIDEOFINDIA اور #WeLoveShahRukhKhan) کے ٹرینڈز بھی ٹاپ پر آگئے۔

دونوں ٹرینڈز میں ٹوئٹ کرنے والے افراد نے شاہ رخ خان کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں بھارت کا فخر قرار دیا۔ ہزاروں افراد نے بولی وڈ بادشاہ کے خلاف نفرت انگیز ٹرینڈ کے بعد ان کی حمایت میں ٹوئٹس کیں اور ان سے محبت کا اظہار کیا۔ شاہ رخ سے محبت کرنے والے افراد نے بھی ان کی مذہب سے متعلق پرانی ویڈیوز شیئر کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ انہوں نے ایک ہندو خاتون سے شادی کی اور انہوں نے اپنے بچوں کو کسی مذہب میں قید نہیں کیا بلکہ ان کا مذہب ’ہندوستان‘ لکھوایا۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ شاہ رخ خان کے معاملے پر ٹوئٹر پر ٹرینڈز ٹاپ پر آئے ہوں، ان سے قبل بھی ان سے نفرت یا پھر محبت کے حوالے سے ٹوئٹر پر مہم چل چکی ہیں۔ان کی طرح دیگر بھارتی مسلمان اداکاروں سلمان خان، عامر خان، سیف علی خان، نصیر الدین شاہ اور جاوید اختر کے خلاف بھی سوشل میڈیا پر مہم چلتی رہتی ہے۔

Back to top button