ماہرہ خان کے بھارت میں چرچے کیوں ہیں؟

ہم ٹی وی کی ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے، میں شاندار اداکاری کرنے والی ماہرہ خان کو بھارت میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔
سپر سٹار ماہرہ خان کے ڈرامے ’’ہم کہاں کے سچے تھے‘‘میں ان کی شاندار اداکاری کی دھوم بھارت میں بھی مچی ہوئی ہے جس کا اندازہ بھارتی فلم رئیس کے ہدایتکار راہول ڈھولکیا کی جانب سے ڈرامے سے متعلق ٹوئیٹ سے لگایا جا سکتا ہے۔

حال ہی میں راہول ڈھولکیا نے ماہرہ خان کے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی تعریف میں ٹوئٹ کی اور لکھا کہ انہیں ان کی والدہ نے اداکارہ کا ڈرامہ دیکھنے کی تجویز دی ہے ، فلم ساز نے 16 ستمبر کو مختصر ٹوئٹ میں ماہرہ خان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اداکارہ کا ڈرامہ دیکھنے کے منتظر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ڈرامہ بہترین ہوگا۔فلم ساز کی ٹوئٹ پر کئی بھارتی مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی تعریفیں کیں۔زیادہ تر افراد نے کمنٹس میں ڈرامے میں ماہرہ خان کی اداکاری کو سراہا۔ہم کہاں کے سچے تھے کو چند ہفتوں سے ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے ،

ڈرامے کے ذریعے ماہرہ خان نے 6 سال بعد چھوٹی سکرین پر واپسی کی ہے۔عمیرہ احمد کے لکھے گئے ناول سے ماخوذ ڈرامے کی ہدایات فاروق رند نے دی ہیں اسے نینا کاشف اور مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے۔ ڈرامے کی مرکزی کہانی تین کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو رشتوں کی پیچیدگیوں، معاشرتی مسائل اور غلط فہمیوں کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے درمیان تلخیاں بھی جنم لیتی ہیں ،

ساتھ ہی انہیں بچپن میں ملنے والے صدمے اور بزرگوں کی غلط رہنمائی بھی ان کی زندگی میں مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ڈرامے میں ماہرہ خان ’مہرین منصور‘ نامی کبریٰ خان ’مشعل‘ اور عثمان مختار ’اسود‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں ، اس ڈرامے سے قبل ماہرہ خان آخری مرتبہ چھوٹی سکرین پر 2015 کے مقبول رومانوی ڈرامے ’بن روئے‘ میں دکھائی دی تھیں جسے 2016 میں فلم کی صورت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا اور ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا تھا۔واضح رہے کہ راہول ڈھولکیا نے ماہرہ خان کی 2017 کی پہلی بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کی نہ صرف ہدایات دی تھیں بلکہ انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھی تھی۔

Back to top button