سپریم کورٹ کا فیصلہ بدقسمت،سیاسی بحران میں اضافہ ہوگیا
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے سپیکر رولنگ پرسپریم کورٹ کے فیصلے کو بدقسمت قرار دیتے ہوئے کہا ہےفیصلے سے ملک میں جاری سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انکا کہنا تھا اس بد قسمت فیصلے نے پاکستان میں سیاسی بحران میں بہت اضافہ کردیا ہے۔
انکا کہنا تھا فوری الیکشن ملک میں استحکام لا سکتا تھا بدقسمتی سے عوام کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا ہے ابھی دیکھتے ہیں معاملہ آگے کیسے بڑھتا ہے۔
ادھر شہباز گِل نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے بزرگوں نے 1947 میں اپنی گردنیں کٹوا کر واہگہ بارڈر ایک آزاد ملک میں رہنے کے لیے کراس کیا تھا۔ ہمارے بزرگوں کو شاید یہ پتہ نہیں تھا کہ برطانیہ کی بجائے امریکا کی غلامی میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ لگتا ہے اب 1947 کی صورتحال میں واپس پہنچ گئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کل کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے ، اور وزیر اعظم عمران خان کل قوم سے خطاب کریں گے.
یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی،عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 9 اپریل کو بلایا جائے۔