مناسک حج کا آغاز،لاکھوں عازمین خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے

سعودی عرب میں مناسک حج کاآغاز ہوگیا ،لاکھوں عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے۔

عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے اور  کل 9 ذی الحج کو حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے منیٰ سے عرفات روانہ ہو ں گے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہےکہ مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں سخت گرمی کا امکان ہے اور 25 مئی تک درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہےکہ مناسک حج کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہے گا اور کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنےکا امکان ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے اپیل کی ہے کہ عازمین حج ہدایات پر عمل کریں اور زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کرکے سخت گرمی میں پانی کی کمی سے بچنےکی کوشش کریں اور رہنما حفاظتی اصولوں پر ہر حال میں عمل کریں۔

سعودی حکام کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی، جن میں سے 14 لاکھ 57 ہزار سے زیادہ فضائی راستے سے پہنچے۔

سعودی حکام نے مقدس مقامات پر سایہ دار جگہوں ،  مسٹ فین اور طبی سہولیات میں اضافہ کردیا ہے۔

Back to top button