خواجہ سعدرفیق کاحکومت کو سیاسی مخالفین سے”صلح صفائی“ کامشورہ

رہنمامسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے حکومت کوایران امریکا تنازع کے حل کیلئےکردار کےبعداپنے سیاسی مخالفین سے بھی صلح صفائی کامشورہ دیدیا۔
سابق وزیر خواجہ سعد رفیق کالاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ ملکی بقا اور عوامی ریلیف کے لیے بڑے سیاسی سمجھوتے اور انتظامی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان بیرونی سطح پر امریکا اور ایران جیسے ممالک کے معاملات ٹھیک کرنے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے تو ہم اپنے اندرونی حالات کی بہتری اور سیاسی استحکام کے لیے آپس میں سمجھوتہ کیوں نہیں کر سکتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت غریب عوام شدید ترین مشکلات اور معاشی بحران سے دوچار ہیں اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ملک کے اندرونی معاملات کو فی الفور بہتر کیا جائے اور سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لایا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے واضح کیا کہ ہمیں مل بیٹھ کر آپس کی لڑائی کم سے کم کرنے کی اشد ضرورت ہے، جو کوئی بھی پاکستان کے آئین، قانون اور ترانے کا احترام کرتا ہے، اس کے ساتھ بات چیت اور سمجھوتہ ہونا چاہیے، کیونکہ ملک کو جوڑ کر ہی تمام ادھورے کام مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
انتظامی اصلاحات پر بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے نئے اور چھوٹے صوبوں کی کھل کر حمایت کی اور کہا کہ اس وقت پاکستان میں چھوٹے صوبوں کی بات کی جا رہی ہے اور وہ خود بھی اس کے حامی ہیں لیکن یہ فارمولا صرف ایک صوبے تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔
