سپر اسٹور سے خریدے گئے پالک کے پیکٹ میں مینڈک نکل آیا

امریکی ریاست مشی گین کے شہر ساؤتھ فیلڈ میں ایک فیملی نے مارٹ سے سیل بند پالک خریدی لیکن وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ پیکٹ میں ایک زندہ مینڈک تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق مشی گین کی خاتون ایمبر وورک نے کہا کہ انہوں نے ارتھ باؤنڈ فارمز کی پالک کا پیکج ساؤتھ فیلڈ میں ٹیلی گراف روڈ پر واقع ایک سپر اسٹور سے خریدا اور ان کی بیٹی نے گھر پر آکر اس پیکج کو کھولا۔
ایمبر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ گھر پر میری بیٹی چیخ رہی تھی اور چلاتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ او مائی گاڈ، اس میں ایک مینڈک ہے۔ پہلے پہل تو مجھے لگا کہ اس کی نظر کو کوئی دھوکا ہوا ہوگا تاہم جب انہوں نے خود دیکھا تو حیرت کی انتہا نہیں رہی۔
سپر اسٹور کی انتظامیہ نے نے ڈیٹرائٹ فری پریس کو بتایا کہ مینڈک کو احتیاط سے باہر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروڈکٹ ارتھ باؤنڈ فارمز کی طرف سے آئی تھی جو کہ ملک بھر میں سپر اسٹور کے شراکت داروں میں سے ایک ہے اور تازہ ترین پیداوار ہمارے اسٹورز کو روزانہ ڈیلیور کرتا ہے۔
