سہیل آفریدی کو لاڑکانہ میں خوش آمدید، بلاول / جمہوریت کا یہی حسن ہے، شکریہ بلاول صاحب، وزیراعلیٰ

سیاسی اختلاف کے بجائے احترام اور باہمی سیاست ہی جمہوریت کی بنیاد ہے، بلاول بھٹو، آزادیٔ اظہار اور عوامی مینڈیٹ کا احترام جمہوریت کا حسن ہے، سہیل آفریدی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورۂ سندھ کا خیرمقدم کیا، جس پر سہیل آفریدی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے سہیل آفریدی کے دورۂ سندھ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آخرکار برداشت، احترام اور بقائے باہمی کی سیاست کی طرف واپس آنا ہی پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے بجائے احترام اور باہمی سیاست ہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ بلاول صاحب! جمہوریت کا یہی حسن ہے کہ سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی ہو۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ جمہوریت کا یہ بھی حسن ہے کہ عدلیہ آزاد ہو، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، پارلیمنٹ خودمختار ہو، صحافت آزاد ہو اور عوامی مینڈیٹ کے برعکس چور دروازوں کا استعمال نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ اب میرپورخاص اور پھر عمرکوٹ میں پورے پاکستان کو عمران خان صاحب کے دیوانے نظر آئیں گے، جبکہ اتوار 6 ستمبر کو حیدرآباد اور کراچی میں بھی عوامی سمندر ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پانچ روزہ دورے پر تین روز قبل سندھ پہنچے تھے، جبکہ وہ کل کراچی آئیں گے جہاں شاہراہِ قائدین پر تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ کیا جائے گا۔

تحریک انصاف سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں سندھ بھر میں پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موبلائزیشن تیسرے روز بھی جاری رہی۔

وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ نوشہروفیروز، نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ پہنچا، جہاں مختلف مقامات پر انہوں نے خطاب کیا، جبکہ کارکنان اور عوام کی جانب سے ان کا استقبال بھی کیا گیا۔

Back to top button