مریم نواز کے بیان پر بے جا تنقید کرنے والے حقائق سے بے خبر ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی دائرہ اختیار ہے جبکہ حکومت پنجاب کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی ہے، عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان پر بے جا تنقید کرنے والے حقائق سے بے خبر ہیں، کیونکہ خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی دائرہ اختیار میں ہیں جبکہ حکومت پنجاب کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی ہے۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر بے جا تنقید کرنے والوں کو حقائق کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے اے آئی انٹیلی جنس ہب کے افتتاح پر واویلا کرنے والوں کو پہلے یہ سمجھنا چاہیے کہ جدید گورننس صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن، قانون، ٹیکنالوجی اور عوام کے تحفظ کے لیے جدید نظام قائم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آج پنجاب میں اے آئی ہب، پیفٹک، پولیس کی ٹیکنالوجی، سی ٹی ڈی کی استعداد، باڈی کیمز، تھرمل اور نائٹ ویژن کیمرے، جوائنٹ چیک پوسٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر کام ہو رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا واضح مؤقف ہے کہ جرم ہونے کے بعد کارروائی کافی نہیں، بلکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرے اور جرم کو پہلے سے شناخت کرکے روکنا اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرنے اور صرف سیاست کرنے میں یہی فرق ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی دائرہ اختیار میں ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی ہے اور مریم نواز اسی سمت میں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی استعداد میں اضافہ، سیکیورٹی اداروں کی مضبوطی، عدالتوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ صوبائی انٹیلیجنس فیوژن سینٹر کا افتتاح بھی اسی پالیسی کا عملی قدم ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس سینٹر کا مقصد انٹیلیجنس، پولیسنگ اور بروقت ردعمل کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر بنانا ہے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا جیسے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں ترجیح پولیس، سی ٹی ڈی اور انسدادِ دہشت گردی ہونی چاہیے، نہ کہ وفاقی خارجہ امور میں مداخلت، دوسرے صوبوں میں سیاسی سرگرمیاں اور احتجاجی سیاست۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ حکومت کی اصل پہچان بیانات نہیں بلکہ کارکردگی ہے۔ پنجاب کا راستہ واضح ہے، اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرو، ادارے مضبوط کرو اور عوام کو محفوظ بناؤ۔ جو اپنی کارکردگی کا جواب نہیں دے سکتے، وہ دوسروں پر بیان بازی کرکے اپنی کمزوریاں نہیں چھپا سکتے۔

عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ناقدین سے سوال کیا کہ اگر اے آئی، جدید پولیسنگ، سی ٹی ڈی، سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور کرائم پریوینشن پر سرمایہ کاری غلط ہے تو پھر بہتر متبادل کیا ہے؟ کیا صرف تنقید، صرف پریس کانفرنسیں یا صرف احتجاجی سیاست ہی متبادل ہے؟

Back to top button