سید غوث علی شاہ، ظفر علی شاہ ،بیرسٹر مرتضیٰ پی ٹی آئی میں شامل

مسلم لیگ ن کو چھوڑنے والے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ، سابق وزیر سید ظفر علی شاہ اور بیرسٹر مرتضیٰ بھی حکمران جماعت کا حصہ بن گئے ہیں۔ تینوں سیاسی شخصیات نے گورنر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور حکمران جماعت تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ، اس موقع پرعمران خان نے سیاسی رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے تحریک انصاف کے مفلر بھی پہنائے۔

وزیراعظم سندھ میں جلد سیاسی جلسے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے دوران مزید بڑی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گی ، سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کی مخالف سیاسی قوتوں سے ملاقاتیں اور انہیں اپنے ساتھ ملانا بھی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے سندھ پلان کا حصہ ہوگا جس کے لیے وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں سندھ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے نام بھی فائنل کیے جائیں گے جبکہ وفاق کے منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹوں پر اہم فیصلے بھی متوقع ہیں ، کرپشن میں ملوث یا سیاسی آلہ کاربننے والے صوبائی بیوروکریٹس کے خلاف تادیبی کارروائی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، سندھ میں پاکستان تحریک انصاف نے سندھ کی حکومتی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار کرلی ، جس کے تحت سندھ میں اہم سیاسی اکھاڑ پچھاڑ ہونے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر رابطوں کا آغاز بھی کر دیا۔

Back to top button