سیز فائر کے باوجود اسرائیلی بمباری

گزشتہ ماہ ہونے والی سیز فائر کے باوجود اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر غزہ پر فضائی بمباری کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے آتشی غبارے اسرائیلی زمین پر بھیجے جانے کے جواب میں لڑاکا طیاروں نے حماس کے ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
اس حوالے سے اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح پر اردن سے رابطہ کیا گیا ہے اور غزہ سے آتشی غباروں کے حملے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ اگر ایسی کارروائیاں جاری رہیں تو سیز فائر معاہدہ ختم کردیں گے۔
دوسری جانب حماس رہنماؤں کا اسرائیلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہادر فلسطینی مزاحمت جاری رکھیں گے اور قابض فورسز سے اپنی زمین کا قبضہ چھڑوائیں گے۔ حماس نے اسرائیلی حملے میں جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔
دونوں جانب حملوں کے نتیجے میں کم سے کم 3 اموات ہوئی ہیں جب کہ آتشی غبارے اسرائیلی کھیتوں پر گرے جس سے 12 مقامات پر آگ بھڑک اُٹھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے 11 روز تک غزہ پر مسلسل بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے تاہم اردن نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے حماس اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے کروایا تھا۔
