سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی نے اپنے اراکین اسمبلی کی نگرانی شروع کردی

خیبرپختونخوا حکومت نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی حفاظت اور نگرانی کےلیے خصوصی انتظام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوشہرہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار کی شکست اور صوبائی وزیر آبپاشی لیاقت خٹک کوصوبائی کابینہ سے فارغ کیے جانے سے پاکستان تحریک انصاف میں پیدا ہونے والی صورت حال کو کنٹرول کرنے کےلیے صوبائی حکومت نے اپنے اراکین اسمبلی کی “حفاظت” اور نگرانی کا خصوصی انتظام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کےلیے صوبائی وزراء کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی جو ایم پی ایز کے گروپوں کی نگرانی کا فریضہ انجام دیں گے۔ صوبہ میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی صفوں میں نوشہرہ ضمنی الیکشن اور صوبائی وزیرآبپاشی لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کیے جانے کے بعد انتشار پایا جاتا ہے۔ مذکورہ صورت حال کے تناظرمیں سینٹ الیکشن کےلیے حکمران جماعت پی ٹی آئی اوراس کے اتحادی ایم پی ایز کی خصوصی نگرانی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اگران سے کوئی رابطہ کیا جائے تو اس صورت میں فوری طور پر صورت حال کو قابو میں کیا جائے۔ اس ضمن میں اراکین اسمبلی کے گروپ بناتے ہوئے ان کی نگرانی کا کام صوبائی وزراء کے حوالے کیا جارہا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی ایز کی نگرانی باپ کے صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلاول آفریدی خود کریں گے۔ اس بارے میں رابطہ کرنے پر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کرنے سے مسائل تو ضرور پیدا ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کے مسئلے سے بچنے کےلیے ہی ارکان پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی محمود خان خود تمام تر صورت حال کی نگرانی کررہے ہیں جب کہ پارٹی قائدین بھی اس سلسلے میں معاونت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعلی جلد ہی پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کے علاوہ اراکین اسمبلی سے ڈویژن وائز اور انفرادی ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ گلے شکوے دور کیے جاسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حکمران جماعت کا سینٹ الیکشن کےلیے ہدف 10 نشستوں پرکامیابی کویقینی بناناہے جس کےلیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button