سینیٹ نےکشمیروں کیساتھ اظہاریکجہتی کی قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی کشمیروں کے ساتھ اظہاریکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا جس میں قرارداد قائد ایوان شبلی فرازنے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکےعوام کی بہادری کوسلام پیش کرتا ہے۔ قرارداد کے مطابق آزادی کےحصول کےلیےبھارتی تسلط کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کوسنہری حروف میں لکھا جائے گا، مقبوضہ کشمیرکی حیثیت کوختم کرنے کےحوالےسے بھارت کی غیرقانونی کوشش کومسترد کرتے ہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیاگیا کہ مقبوضہ کشمیرکی عوام کےخلاف مظالم پرنریندرمودی اورآرایس ایس کےخلاف انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام، حکومت اور پارلیمنٹ کشمیری عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے، بھارت کا جنگی جنون علاقائی امن اوراستحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہےاوربین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی قرارداوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طورپرمنظورکی گئی تھی۔ یاد رہے کہ 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا اورملک میں بھر میں کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں اورمظاہرے کیے جائیں گے۔
