شائقین ’میرے پاس تم ہو’ کی آخری قسط سینما گھروں میں بھی دیکھ سکیں گے

مقبول ترین نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط کو سینما گھروں میں دکھایاجائے گا۔
‘میرے پاس تم ہو’ کی اب تک 22 اقساط سامنے آچکی ہیں جب کہ آخری قسط 22 جنوری کو سامنے آئے گی۔
اور اب پروڈیوسرز نے ‘میرے پاس تم ہو’ کی آخری دہری قسط ((Double Episode کو صرف ٹی وی پر ہی نہیں بلکہ سینما گھروں میں دکھانے کا بھی اعلان کردیا۔ اس خبر کا اعلان نجی ٹی وی کے فیس بک پیچ پر کیا گیا ہے۔
پوسٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ڈرامے کا اختتام ہونے جارہا ہے اور اس کی آخری قسط ٹی وی کے ساتھ ساتھ سینما گھروں میں بھی نمائش کےلیے پیش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ‘میرے پاس تم ہو’ کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی جب کہ اس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہے۔
ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جب کہ شیث گل، حرا مانی، انوشے عباسی، سویرا ندیم، مہر بانو اور سید محمد احمد نے اہم کردار نبھائے۔
جہاں مداحوں کو اس ڈرامے کی آخری قسط کا بےصبری سے انتظار ہے وہیں اس بات کا تجسس بھی بڑھ رہا ہے کہ ڈرامے کے آخر میں وہ کون سے دو کردار ہیں جن کا قتل ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ خلیل الرحمٰن قمر اور ندیم بیگ کا دوسرا ڈرامہ ہے جسے سینما گھروں میں بھی دکھایا جائے گا۔
اس سے قبل 2013 میں سامنے آیا ڈرامہ ‘پیارے افضل’ کی آخری قسط بھی سینما گھروں میں نمائش کےلیے پیش کی گئی تھی۔
