شان کو ہمایوں سعید کی بنائی فلموں پر کیا اعتراض یے؟

اداکار شان شاہد نے معروف اداکار و ہدایتکار ہمایوں سعید کی بنائی ہوئی فلموں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ لالی ووڈ کو اسوقت تخلیقی اور سبق آموز فلموں کی ضرورت ہے، جو فلم بینوں کو سوچنے پر مجبور کریں، انہوں نے کہا کہ ’’میں ادھر نہیں جائوں گی‘‘ یا میں ’’اُدھر نہیں جائوں گی‘‘ جیسی فلمیں مداحوں کو تفریح فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ تاہم یاد رہے کہ ہمایوں سعید کی دونوں فلموں ‘میں پنجاب نہیں جاؤں گی’ اور ‘میں لندن نہیں جاؤں گا’ نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا اور انہیں کامیاب ترین پاکستانی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔

ماضی کی مقبول ہیرو شان شاہد نے اپنی آنے والی ایکشن ہارر فلم ’’ضرار‘‘ کی تشہیر کے دوران انٹرویو دیتے ہوئے ہمایوں سعید کو مخصوص موضوع پر فلمیں بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا، شان نے ایک یوٹیوبر کو دیے گے انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی فلم سازوں نے سائنس فکشن اور ہارر سمیت کئی اہم موضوعات پر تاحال فلمیں نہیں بنائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی پر بھی فلمیں نہیں بنائی جا رہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی فلم ساز ایسے اہم موضوعات کی طرف بھی توجہ دیں۔ جب فلم ساز ’اِدھر نہیں جاؤں گی اور اُدھر نہیں جاؤں گی، جیسی فلموں سے نکلیں گے تو بہتر موضوعات کی طرف بھی آئیں گے۔بعد ازاں ہمایوں سعید نے شان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اِدھر بھی جاؤں گا اور اُدھر بھی جاؤں گے، اگر کوئی روک سکتا ہے تو روک لے۔

ہمایوں سعید نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے شان شاہد کو اپنی ٹوئٹ میں مینشن کیا اور لکھا کہ وہ ان کی آنے والی فلم ’ضرار‘ بھی دیکھنے جائیں گے، ہمایوں سعید نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں کو بتایا کہ شان شاہد کی فلم ’’ضرار‘‘ رواں ماہ 25 نومبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، ہمایوں سعید کی جانب سے جواب دیئے جانے کے بعد شان شاہد نے بھی جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ دراصل ان کے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ پروڈیوسرز رومانس اور کامیڈی کے علاوہ دیگر اہم موضوعات پر بھی فلمیں بنائیں۔

انہوں نے ہمایوں سعید کے آنے والے منصوبوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا، بعد ازاں شان شاہد نے ایک ٹوئٹ میں میڈیا کو اپنا انٹرویو متنازع بنانے پر داد بھی دی۔ خیال رہے کہ ہمایوں سعید ’پنجاب نہیں جاؤں گی اور لندن نہیں جاؤں گا‘ نامی رومانٹک کامیڈی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور ان کی دونوں فلموں نے بہت اچھی کمائی کی تھی، دوسری جانب شان شاہد کی فلم ’’ضرار‘‘ کو رواں ماہ 25 نومبر کو سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔

شان نے رواں برس جون میں فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس ریلیز کرنے کا عندیہ دیا تھا، ’’ضرار‘‘ کو ابتدائی طور پر 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر اُس وقت کرونا کی وبا آنے کے باعث فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی تھی، جس کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسے 2021 میں ریلیز کردیا جائے گا۔ 2021 میں فلم کی ٹیم نے ’ضرار‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا مگر کرونا کی وبا سمیت ملک میں سینما بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہ کیا جا سکا تھا۔

Back to top button