مسلم لیگ ن نےضمنی الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی

پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 249 کے الیکشن میں اپنے امیدوار کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے حمایت مانگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں ملاقات کی۔
پی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہد خاقان عباسی پی پی چیئرمین سے ملاقات کیلئے بلاول ہاؤس کراچی پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں شیری رحمان، نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان این اے 249 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے بلاول سے این اے 249 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کیلئے پی پی پی کی جانب سے حمایت مانگی۔ جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد آپ کو آگاہ کروں گا۔
