شاہ رخ خان کے بیٹے کا کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم؟

منشیات استعمال کرنے کے الزام پر گرفتاری کے بعد ہالی وڈ فلم ’’دی لائن کنگ‘‘ میں آواز کا جادو جگا کر شہرت حاصل کرنے والے بالی شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کا کیرئیر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوتا نظر آتا ہے۔
مشہور ہالی وڈ فلم دی لائن کنگ میں آواز کا جادو جگا کر اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز کرنے والے آریان خان اپنے والد شاہ رخ کی طرح بالی ووڈ میں بطور ہیرو انٹری ڈالنے کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ پکڑے گے۔ یاد رہے کہ فلم لائن کنگ کے ہندی ورژن میں آریان نے ایک کردار کو آواز دی تھی جبکہ فلم کے مرکزی کردار کے لیے شاہ رخ کی آواز استعمال کی گئی تھی۔
شاہ رخ خان کا شمار بالی وڈ کے بڑے ستاروں میں ہوتا ہے۔ مداح اور میڈیا انھیں ’سپر سٹار‘ اور ’کنگ خان‘ جیسے القابات سے نوازتے ہیں۔ بالی وڈ کے کئی ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز جو شاہ رخ کے قریبی دوست بھیی سمجھے جاتے ہیں، اب انکے 23 سالہ بیٹے آریان کو بڑی سکرین پر لانچ کرنے کی پلاننگ کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک کرن جوہر بھی ہیں جنھوں نے کہا تھا کہ میں آریان کو لانچ کرنا چاہتا ہوں۔
بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے چھاپے سے پہلے بھی کچھ ایسے مواقع ضرور آئے جب آریان خان قومی میڈیا کی خبروں کی زینت بنے تھے۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ آریان کا بالی وڈ میں ڈیبیو تقریباً 20 سال پہلے ہوا تھا۔انھوں نے 2001 میں کرن جوہر کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں شاہ رخ خان کے بچپن کا کردار ادا کیا۔
آریان خان یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے گریجویٹ ہیں۔ انھوں نے سکول آف سنیماٹک آرٹس سے فائن آرٹس، سینما آرٹس، فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن میں ڈگری حاصل کی ہے۔آریان سکرین پر کام کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔ وہ پردے کے پیچھے رہنا چاہتے ہیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کیمرے کو سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ شاہ رخ کبھی کبھار سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں لیکن اپنی بیٹی سوہانہ اور چھوٹے بیٹے ابرام کے مقابلے انھوں نے شاذ و نادر ہی آریان کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ شاہ رخ خان نے آریان کے بارے میں بتایا تھا کہ جہاں ابرام کو تصویریں کھچوانے کا شوق ہے وہیں آریان کو تصاویر بنوانا بالکل پسند نہیں۔
بالی وڈ میں کئی ستاروں کے بچے فلموں میں قدم رکھنے سے پہلے ہی سوشل میڈیا سٹار بن رہے ہیں لیکن آریان خان سوشل میڈیا سے دور ہی رہتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک بھی نہیں لیکن اسکے باوجود انسٹاگرام پر ان کے 15 لاکھ فالوورز ہیں۔آریان خان اپنی فٹنس کا بہت دھیان رکھتے ہیں۔ انھوں نے مارشل آرٹس کی تربیت بھی حاصل کر رکھی ہے اور سنہ 2010 میں انھوں نے مہاراشٹر تائیکوانڈو ٹورنامنٹ میں تمغہ بھی جیتا تھا ، ان کے پاس بلیک بیلٹ بھی ہے اور وہ فٹ بال میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔
منشیات کیس میں گرفتاری سے پہلے آریان کے بالی وڈ کیریئر کے بارے میں شاہ رخ خان سے اکثر سوالات کیے جاتے تو انکا کہنا تھا کہ آریان کو فلمیں بنانے کا شوق ہے اور اس نے اپنی پسند سے امریکہ میں فلم پروڈکشن کی تعلیم حاصل کی ہے۔ آریان نے اپنے کالج کے لیے مختصر دورانیے کی فلمیں بنائیں۔
واضح رہے کہ آریان خان کو ساحل سمندر پر کروز میں پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اس نے منشیات استعمال کرنے کا اقرار بھی کر لیا ہے، آریان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد اس نے عدالت میں اعتراف جرم کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ارباز مرچنٹ بھی شامل ہیں جوکہ ممبئی کے ساحل پر کروز میں آریان کے ساتھ موجود تھے ۔ ارباز سیٹھ مرچنٹ شاہ رخ کی بیٹی سوہانہ کے قریبی دوست ہیں۔ سوہانہ اور آریان کے علاوہ کئی دوسرے ستاروں کے بچے بھی ارباز کو سوشل میڈیا پر فالو کرتے ہیں۔چنکی پانڈے کی بیٹی انانیا پانڈے، عرفان خان کا بیٹا بابل اور کئی دوسرے بالی وڈ اداکاروں کے بچے بھی ارباز مرچنٹ کو سوشل میڈیا پر فالو کرتے ہیں۔
