وزیراعلیٰ بلوچستان کو مستعفی ہونے کیلئے کل تک کی مہلت

بلوچستان کے وزرا سمیت ناراض اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ جام کمال کو مستعفی ہونے کے لیے کل شام چھ بجے تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے ۔

کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزرا سمیت ناراض اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ‌ بلوچستان کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ، صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ کو مستعفی ہونے کے دو ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن انھوں‌ نے مستعفی ہونے کی بجائے ہمارے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع کر دی تھی۔

صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کو چاہئے کہ ہماری تحریک عدم اعتماد سے قبل ہی باعزت طریقے سے اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں‌ ، رکن اسمبلی نصیب اللہ مری نے کہا کہ آئندہ وزیراعلیٰ بی اے پی سے ہی ہوگا۔

صوبائی وزیر اسد بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے خود کو عقل کل سمجھا ، ہماری کسی بات کو خاطر میں نہیں لائے، وہ عہدے سے چمٹے رہنے پر بضد ہیں لیکن اراکین کا اعتماد انہیں حاصل نہیں رہا، تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور کریں گے۔

Back to top button