شعیب منصور کی اگلی فلم میں مایا علی مرکزی کردار ادا کریں گی

پاکستانی اداکارہ مایا علی معروف ہدایت کار شعیب منصور کی اگلی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی، مایا علی کا کہنا ہے کہ شعیب منصور کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
مایا علی تین برسوں بعد ڈراما سیریل ’’پہلی سی محبت‘‘ کے ساتھ ایک با پھر چھوٹی اسکرین پر واپسی کررہی ہیں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو ایک اور خوشخبری سنائی ہے کہ وہ معروف ہدایت کار شعیب منصور کی اگلی فلم میں بطور مرکزی اداکارہ کام کریں گی۔ مایا علی نے فلم کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے شعیب منصور کی فلم کا حصہ بننے پر بے انتہا خوشی محسوس ہورہی ہے۔ احسن رحیم اور عاصم رضا جیسے نامور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب میں تیسری فلم شعیب منصور کے ساتھ کررہی ہوں اور شعیب منصور کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ فلم میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے مایا علی نے کہا کہ یہ بہت خوبصورت کردار ہے اور ایسا کردار میں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی ادا نہیں کیا۔
شعیب منصور نے 2017 میں ماہرہ خان کے ساتھ فلم ’’ورنہ‘‘ بنائی تھی لیکن یہ فلم مداحوں کو زیادہ متاثر نہیں کرسکی تھی اس بارے میں مایا علی نے کہا اس بارے میں وہ فکر مند نہیں ہیں۔ شعیب منصور اپنے آپ میں ایک ادارہ ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔ مجھے معلوم ہے میں ان سے بہت کچھ سیکھوں گی۔ مجھے یقین ہے کہ فلم بہت اچھی ثابت ہوگی اوراس فلم کی سب سے دلچسپ بات اس کا نام ہے لیکن فی الحال وہ فلم کا نام نہیں بتاسکتیں۔
یاد رہے کہ شعیب منصور کی پچھلی تینوں فلمیں’’خدا کے لیے‘‘، ’’بول‘‘ اور’’ورنہ‘‘ کے ٹائٹلز ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے تھے۔ شعیب منصور کی ہر فلم میں لوگوں کے لیے ایک سماجی پیغام ہوتا ہے تو کیا ان کی اگلی فلم میں بھی کوئی سماجی پیغام ہوگا اس سوال کے جواب میں بھی مایا علی نے صرف اتنا کہا کہ فلم کا اسکرپٹ بہت اچھا ہے۔
