شوبز انڈسٹری میں شادی ختم کرنا اب فیشن بن چکا ہے

ہمارے معاشرے میں طلاق کو انتہائی معیوب فعل تصور کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، لڑکا اور لڑکی بہت مجبوری میں طلاق کیلئے رضا مندہوتے ہیں ۔ لیکن اگر پاکستانی شوبز انڈسٹری پر نظر ڈالیں تو نظر آتا ہے کہ یہاں طلاق کو فیشن سمجھا جانے لگا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران شوبز کی چکا چوند دنیا میں طلاق یا علیحدگی کا لفظ ایسے ’’پروموٹ ‘‘ ہوکرسامنے آیا ہے، جیسے کہ یہ حکومت کی جانب سے ملنے والا کوئی اعلیٰ اعزاز ہو۔ زیادہ تر فلمی جوڑے شادی کا لڈوکھانے کے کچھ عرصہ بعد ہی طلاق لینے کیلئے کوشاں دکھائی دیتے ہیں اورپھراس کام کوانجام دینے کے بعد ’’فخریہ‘‘ انداز میں اس کوسوشل میڈیا اور دیگرذرائع سے لوگوںتک پہچانے کواپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں ۔
شوبز کی دنیا میں لومیرج کا رجحان بہت زیادہ ہے لیکن اس کا افسوسناک پہلویہ ہے کہ یہاں لومیرج کی کامیابی کا تناسب تیس فیصد سے بھی کم ہے۔ اکثر یہی دیکھا گیا کہ پہلے لوگ ایک دوسرے کی محبت میں اندھے ہوکر جلدبازی میں شادی کا فیصلہ کرلیتے ہیں لیکن چند سال گزرنے کے بعد انہیں اپنے جیون ساتھی میں بہت سی برائیاں نظرآنے لگتی ہیں اور یوں وہ لوگ جو کل تک ایک دوسرے کے بغیر سانس بھی لینا گوارہ نہیں کرتے، اچانک بہت دور ہوجاتے ہیں جہاں سے واپسی بھی ممکن نہیں ہوتی۔ پاکستان میں شوبز کی دنیا پر نظردوڑائی جائے توایسی سینکڑوں مثالیں ملتی ہیں جہاں بہت سے لوگوں نے محبت کی شادیاں تو کیں لیکن وہ کامیاب نہ ہوئیں اور انہیں بری طرح ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔
گزشتہ برس شوبز انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری نے ہدایت کار اقبال انصاری سے اپنی برسوں پرانی شادی ختم کرتے ہوئے پروڈیوسر اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی۔ اسی طرح اقبال حسین نے اپنی پہلی بیوی اور اینکر فرح سعدیہ کو طلاق دی۔ اس سے قبل گلوکار اور اداکار محسن عباس حیدر کی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ خاتون فاطمہ سہیل سے شادی آپسی اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کی ، تاہم فاطمہ سہیل نے خلع کیلئے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
اس سے پہلے بھی کئی فنکاروں کو شادیاں راس نہیں آئیں اور ان کی طلاق ہوئی۔ ان فنکاروں میں اداکارہ نور اور گلوکار ولی حامد، اداکارہ جاناں ملک اور گلوکار نعمان جاوید اور اداکارہ وینا ملک اور اسد خٹک بھی شامل ہیں۔
ماضی میں ملکہ ترنم نورجہاں اور اعجاز کی شادی ٹوٹی‘ اسی طرح محسن حسن خان اور رینا رائے‘ فریال گوہر اور جمال شاہ‘ رانی اور سرفراز نواز‘ جاوید شیخ اور سلمیٰ آغا کے علاوہ ہدایتکارہ سنگیتا کی دو شادیاں ناکام ہوئیں، نشو کی انعام ربانی سے شادی ناکام ہوئیں۔شکیلہ قریشی اور عمرشریف کی شادی بری طرح ناکام ہوئی، اداکار شاہد کی اداکارہ بابرہ شریف اور زمرد کے ساتھ شادیاں ناکام ہوئی، زیبا بیگم کی پہلی شادی ناکام رہی، اداکارہ بندیا نے اسد نذیر سے شادی کی جو چند سال ہی قائم رہ سکی، اسی طرح اداکارہ سونیاخان اور بابرخان کی لومیرج بھی چندسال بعد ختم ہوگئی۔
اداکار فیصل قریشی کی پہلی شادی بھی ناکام ہوئی، ماضی کی معروف اداکارہ عالیہ بیگم کی تین شادیاں ناکام ہوئیں، اداکارہ دردانہ نے چار شادیاں کیں جو ناکام رہیں، عدنان سمیع خان اور زیبابختیار کی لو میرج کا انجام بھی ناکامی کی صورت میں ہوا ، اداکار نعمان مسعوداور عروج ناصر کی شادی بھی جلد ختم ہوگئی تھی، صبا پرویز کی پہلی شادی بھی ناکام ہوئی، نادیہ افگن کی پہلی شادی بھی ناکامی سے دوچار ہوئی، اداکارہ صوفیہ احمداور سہیل سمیر کی لومیرج کا اختتام بھی طلاق کی صورت میں سامنے آیا۔
اداکارہ نوین وقار نے ڈائریکٹر اظفرعلی سے شادی کی جو کچھ عرصے بعد ختم ہوگئی،کراچی سے تعلق رکھنے والی معروف ماڈل اور اداکارہ شیری، ثروت گیلانی اورجویریہ عباسی کی شادیاں بھی ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ اداکارشمعون عباسی نے پہلے جویریہ عباسی اورپھرحمائمہ ملک کے ساتھ شادی کی، لیکن دونوں بار ناکام رہے۔
اداکارہ نرگس کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی،گلوکار ہ فریحہ پرویز کی دوشادیاں ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ گلوکارہ حمیراارشد اور اداکاراحمد بٹ کی شادی 2004ء میں نہایت دھوم دھام سے ہوئی تھی ،دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن پانچ سال سے ان کے درمیان اختلافات چلے آرہے تھے جوشدت اختیار کرگئے اور دونوں نے راستے جدا کر لیے۔ اسی طرح ٹی وی مارننگ شوز کی تین میزبانوں نے طلاقیں لیں جن میں نادیہ خان، شائستہ واحدی اور مدیحہ نقوی شامل ہیں۔
